
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں بچوں کو اسکول بھیجنے والی ماؤں کی بڑی تعداد بچوں کے بیگز اور کلائی پر ایپل ایئر ٹیگ لگانے لگی ہے، والدین کے مطابق چھوٹا سا ٹریکنگ ڈیوائس اسکول بس، سفر اور تعلیمی دوروں کے دوران بچوں کی موجودگی جاننے میں اطمینان فراہم کرتا ہے۔
کئی ماؤں کا کہنا ہے کہ ایئر ٹیگ کا مقصد بچوں کی ہر لمحے نگرانی کرنا نہیں بلکہ خاص طور پر پہلے بچے کے اسکول جانے کے دوران پیدا ہونے والی پریشانی کم کرنا ہے۔
ایک والدہ کے مطابق انہوں نے اپنی بیٹی کے کے جی ون میں داخلے کے وقت اس کے بیگ میں ایئر ٹیگ رکھا تھا، انہیں اسکول بس کے حوالے سے کافی تشویش رہتی تھی اور ایئر ٹیگ سے یہ اطمینان ہوتا تھا کہ بچی اسکول سے روانہ ہوچکی ہے اور گھر کی جانب آرہی ہے۔
ایک اور والدہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے پہلے سال میں اس کی کلائی پر ایئر ٹیگ لگایا تھا اور رواں تعلیمی سال بھی ایسا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جبکہ بعض ماؤں کے مطابق اسکول بس اور تعلیمی دوروں کے دوران ایئر ٹیگ انہیں اضافی اطمینان فراہم کرتا ہے۔
ایپل کے مطابق ایئر ٹیگ بنیادی طور پر چابیاں، بیگز اور دیگر اشیا تلاش کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور اسے بچوں کی حفاظت کے لیے مخصوص ٹریکنگ ڈیوائس کے طور پر پیش نہیں کیا جاتا۔
ماہر نفسیات ڈاکٹر الیگزینڈر ماچاڈو نے والدین کے اس رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو مسلسل ٹریک کرنا والدین کی اپنی بے چینی کو کم کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
ان کے مطابق بچوں کو ہر وقت نگرانی میں رکھنے کے بجائے انہیں عمر کے مطابق آزادی، معمولی غلطیاں کرنے اور خود مختاری پیدا کرنے کا موقع دینا ضروری ہے۔
ڈاکٹر ماچاڈو کا کہنا ہے کہ مسلسل نگرانی سے بچے کے ذہن میں یہ تاثر پیدا ہوسکتا ہے کہ وہ خود سے معاملات نہیں سنبھال سکتا اور دنیا ہر وقت غیر محفوظ ہے، جس سے وقت کے ساتھ اس کے اعتماد اور جذباتی مضبوطی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
ماہر کے مطابق اگر کسی بچے کو حقیقی یا غیر معمولی خطرے کا سامنا ہو تو صورتحال مختلف ہوسکتی ہے، تاہم عمومی طور پر محفوظ ماحول میں ٹریکر کا استعمال بچے کی فوری حفاظت سے زیادہ والدین کی اپنی تشویش کم کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔







