
خلیج اردو
ابوظبی میں پہلی بار یورو لیگ باسکٹ بال سپرکپ کا انعقاد کیا جائے گا، نئے سیزن کے افتتاحی ٹورنامنٹ میں یو اے ای کی دبئی باسکٹ بال سمیت یورپ کے چار بڑے کلب شریک ہوں گے۔
ٹورنامنٹ 18 اور 19 ستمبر کو یاس آئی لینڈ کے اتحاد ایرینا میں کھیلا جائے گا، جس میں اولمپیاکوس پیریئس، فنرباہچے استنبول، ریال میڈرڈ اور دبئی باسکٹ بال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
مقابلے کا فارمیٹ فائنل فور طرز کا ہوگا، 18 ستمبر کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں اولمپیاکوس پیریئس کا مقابلہ فنرباہچے سے شام 6 بجے ہوگا جبکہ رات 9 بجے دبئی باسکٹ بال اور ریال میڈرڈ مدمقابل ہوں گے۔
19 ستمبر کو تیسری پوزیشن کا میچ شام 6 بجے کھیلا جائے گا جبکہ رات 9 بجے فائنل ہوگا جس کے بعد یورو لیگ باسکٹ بال سپرکپ کے پہلے چیمپئن کا تاج سجایا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے دو روزہ ٹکٹ پیکیجز 24 اگست سے فروخت کے لیے پیش کردیئے گئے ہیں، جن کی قیمت نشستوں کے درجے کے مطابق 572 سے ایک ہزار 434 درہم تک ہے۔
ایک روزہ ٹکٹوں کی فروخت 31 اگست سے شروع ہوگی، جمعے کے ٹکٹ 220 سے 552 درہم جبکہ ہفتے کے ٹکٹ 409 سے ایک ہزار 25 درہم تک ہوں گے۔
شائقین کے لیے وی آئی پی ہاسپیٹیلٹی پیکیجز بھی دستیاب ہوں گے جبکہ دو روزہ ٹکٹ دستیابی سے مشروط ہوکر فروخت ہوتے رہیں گے۔
یورو لیگ باسکٹ بال سپرکپ کا انعقاد ابوظبی اور یورو لیگ باسکٹ بال کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کا حصہ ہے، ابوظبی اس سے قبل یورو لیگ فائنل فور کی میزبانی بھی کرچکا ہے۔







