
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں تیسری منزل کے اپارٹمنٹ سے گر کر 7 سالہ بھارتی بچی جاں بحق ہوگئی، افسوسناک واقعے نے اہل خانہ کو شدید صدمے سے دوچار کردیا
واقعہ پیر کی صبح النبہ کے علاقے میں پیش آیا، بچی صفا گھر میں تقریباً 5 منٹ کے لیے اکیلی تھی
بچی کی والدہ مرشدہ شارجہ میں ملازمت کرتی ہیں جبکہ والد مبارک گاڑی پارکنگ میں منتقل کرنے کے لیے اپارٹمنٹ سے باہر گئے تھے
بچی کے ماموں منصور علی کے مطابق اہل خانہ کا خیال ہے کہ صفا اپنے والد کو باہر دیکھنے کے لیے اپارٹمنٹ کی کھڑکی کھول کر باہر دیکھ رہی تھی اور اسی دوران توازن برقرار نہ رکھ سکی اور نیچے گر گئی
صفا عجمان کے ایک نجی اسکول میں دوسری جماعت کی طالبہ تھی اور اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھی
بچی کا خاندان بنیادی طور پر بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھتا ہے اور گزشتہ 9 برس سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے
اہل خانہ کے مطابق افسوسناک واقعہ خاندان میں ایک خوشی کی تقریب کے چند روز بعد پیش آیا، خاندان گزشتہ ہفتے بھارت میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد متحدہ عرب امارات واپس آیا تھا
اہل خانہ نے بتایا کہ صفا اپنے کزنز کے ساتھ وقت گزار کر بہت خوش تھی اور موسم گرما کی تعطیلات کے بعد دوبارہ اسکول جانے کی منتظر تھی
شارجہ پولیس کے مطابق پیر کی صبح آپریشنز روم کو واقعے کی اطلاع ملی جس کے بعد ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں
بچی کی لاش کو موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے فرانزک لیبارٹری منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے واقعے کے حالات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں
شارجہ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ حادثاتی معلوم ہوتا ہے اور بچی کی موت کے پیچھے کسی مجرمانہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے ہیں
اہل خانہ کے مطابق قانونی کارروائی مکمل ہونے میں چند روز لگ سکتے ہیں جبکہ بچی کی تدفین متحدہ عرب امارات میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے







