
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں بچوں کی ماؤں کی بڑھتی تعداد اسکول جانے والے بچوں کے بیگز میں ایئر ٹیگ رکھنے یا اسے کلائی کے پٹے کے ساتھ لگانے لگی ہے، ماؤں کے مطابق چھوٹی سی ڈیوائس اسکول بس کے سفر، اسکول آنے جانے اور تعلیمی دوروں کے دوران بچوں کے بارے میں اطمینان فراہم کرتی ہے
ماؤں کا کہنا ہے کہ مقصد بچے کی دن بھر کی ہر سرگرمی پر نظر رکھنا نہیں بلکہ خاص طور پر ان بچوں کے حوالے سے پریشانی کم کرنا ہے جو پہلی مرتبہ خود اسکول بس کے ذریعے اسکول جاتے ہیں
ایک والدہ مریم نے بتایا کہ جب ان کی بیٹی نرسری کے پہلے درجے میں تھی تو انہوں نے اس کے بیگ میں ایئر ٹیگ رکھا تھا، انہیں اسکول بس کے حوالے سے بہت تشویش رہتی تھی اور بچے کے اسکول سے روانہ ہونے اور گھر کی طرف آنے کا معلوم ہونا انہیں اطمینان دیتا تھا
ایک اور والدہ فاطمہ نے کہا کہ یہ تشویش عموماً پہلے بچے کے معاملے میں زیادہ ہوتی ہے، بعد میں مائیں اس معمول کی عادی ہوجاتی ہیں
والدہ نور نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے پہلے تعلیمی سال میں اس کی کلائی پر ایئر ٹیگ لگایا تھا اور رواں تعلیمی سال میں بھی ایسا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں
ایک اور والدہ عائشہ کے مطابق ایئر ٹیگ اس لیے بھی مفید ہے کیونکہ ان کا بچہ اسکول بس کے ذریعے سفر کرتا ہے اور اسکول کی جانب سے تعلیمی دوروں پر بھی جاتا ہے
ایپل ایئر ٹیگ کو بنیادی طور پر چابیاں اور بیگز جیسی اشیا تلاش کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، اسے بچوں کی حفاظت کے لیے مخصوص نگرانی کے آلے کے طور پر پیش نہیں کیا جاتا
ماہر نفسیات نے والدین کو خبردار کردیا
میڈ کیئر رائل اسپیشلٹی ہسپتال کے سینئر طبی ماہر نفسیات ڈاکٹر الیگزینڈر ماچاڈو نے خبردار کیا ہے کہ بچوں کی مسلسل نگرانی کا رجحان والدین کی اپنی بے چینی کو کم کرنے کی کوشش بھی ہوسکتا ہے
ان کے مطابق بچوں کو ہر وقت نگرانی میں رکھنے کے بجائے انہیں عمر کے مطابق آزادی دینا ضروری ہے تاکہ وہ خود اعتمادی پیدا کرسکیں، چھوٹی غلطیوں سے سیکھ سکیں اور آزادانہ طور پر مسائل کا سامنا کرنا سیکھیں
ڈاکٹر ماچاڈو نے کہا کہ مسلسل نگرانی سے بچے کو یہ پیغام مل سکتا ہے کہ وہ خود سے معاملات سنبھالنے کے قابل نہیں اور دنیا ہر وقت غیر محفوظ ہے، جس سے وقت کے ساتھ بچے کے اعتماد اور جذباتی مضبوطی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے
تاہم ماہر نفسیات کے مطابق اگر کسی خاندان کو کسی مخصوص اور غیر معمولی خطرے کا سامنا ہو یا وہ ایسے علاقے میں رہتا ہو جہاں سکیورٹی کے سنگین مسائل ہوں تو صورتحال مختلف ہوسکتی ہے
ان کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات جیسے نسبتاً محفوظ ماحول میں ایئر ٹیگ کا استعمال بعض اوقات بچے کی فوری حفاظت سے زیادہ والدین کی اپنی بے چینی کم کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے







