
خلیج اردو
نئی دہلی میں متحدہ عرب امارات کے نئے سفیر عبداللہ سیف النعیمی نے بھارتی صدر دروپدی مرمو کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔ اس موقع پر نئی دہلی کے صدارتی محل راشٹرپتی بھون میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
بھارتی صدر دروپدی مرمو نے متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ترقی اور خوشحالی کی دعا کی۔ انہوں نے اماراتی سفیر کے لیے نئی ذمہ داریوں میں کامیابی اور دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
عبداللہ سیف النعیمی نے بھارت میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان دوستی اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری کا جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں ممالک اور عوام کے مفادات اور امنگوں کے مطابق باہمی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔







