
متحدہ عرب امارات میں ستمبر 2026 کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی بلند قیمتوں کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگست میں برینٹ خام تیل کی اوسط اختتامی قیمت تقریباً 87.7 ڈالر فی بیرل رہی جبکہ جولائی میں یہ 83.46 ڈالر تھی۔ مشرق وسطیٰ کی جنگ، امریکا ایران کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں توانائی بردار جہازوں کو درپیش خطرات کے باعث اگست کے پہلے ساڑھے تین ہفتوں میں برینٹ کی قیمت 80 سے 90 ڈالر فی بیرل کی سطح پر رہی۔
متحدہ عرب امارات نے اگست 2026 کے لیے پٹرول کی قیمتوں میں تقریباً 20 فلس فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ اگست میں سپر 98 کی قیمت 3.60 درہم، اسپیشل 95 کی 3.49 درہم جبکہ ای پلس 91 کی قیمت 3.41 درہم فی لیٹر رہی۔
ماہرین کے مطابق عالمی تیل قیمتوں میں اضافے کے باعث ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں مقامی فیول ریٹس میں معمولی اضافہ ہوسکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ سرکاری اعلان کے بعد ہی ہوگا۔
زائے کیپیٹل مارکیٹس کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر نعیم اسلم کے مطابق تیل کی قیمتوں پر سب سے بڑا اثر طلب کے بجائے عالمی سپلائی میں غیر یقینی صورتحال کا ہے۔ آبنائے ہرمز میں ٹینکرز کی آمدورفت متاثر ہونے کے باعث ایرانی تیل کی برآمدات، علاقائی شپنگ روٹس اور ریفائنریوں تک رسائی سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔
سینچری فنانشل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر وجے ویلیچا کے مطابق آبنائے ہرمز سے محدود تعداد میں ٹینکرز گزر رہے ہیں جس سے وقتی طور پر سپلائی میں کچھ بہتری آئی ہے تاہم خطے میں بڑھتی کشیدگی اور ایران پر امریکی پابندیوں کے باعث تیل کی سپلائی کے خطرات بدستور موجود ہیں۔
ستمبر 2026 کے لیے UAE فیول پرائسز کا حتمی اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔







