متحدہ عرب امارات

دبئی کا میوزیم آف دی فیوچر یکم ستمبر سے عارضی طور پر بند ہوگا

خلیج اردو
دبئی کا معروف میوزیم آف دی فیوچر نئی اور جدید تجربات کی تیاری کے لیے یکم ستمبر سے عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔

میوزیم نے 25 اگست کو سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں شہریوں اور سیاحوں کو موجودہ نمائش اور دیگر تفریحی و معلوماتی تجربات سے لطف اندوز ہونے کے لیے یکم ستمبر سے پہلے میوزیم کا دورہ کرنے کی ترغیب دی ہے۔

میوزیم انتظامیہ کے مطابق بندش کے بعد یہاں نیکسٹ جنریشن آف ایکسپیرینسز پر کام شروع کیا جائے گا۔ نئی تجرباتی نمائشیں میوزیم کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر 2027 میں متعارف کرائی جائیں گی۔

میوزیم نے دنیا بھر کے لوگوں سے نئی تجاویز اور آئیڈیاز بھی طلب کیے تھے تاکہ مستقبل کے انٹرایکٹو تجربات کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک ہزار سے زائد تجاویز موصول ہوئیں۔

انتظامیہ کے مطابق نئی نمائشوں میں زائرین کو مستقبل کی سائنسی اور تکنیکی ترقی، معاشروں اور معیشتوں پر اس کے اثرات اور آنے والے عشروں کے چیلنجز و مواقع کو مزید گہرائی اور انٹرایکٹو انداز میں جاننے کا موقع ملے گا۔

میوزیم انتظامیہ نئی تجربات اور پروگرامز سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ چند ماہ میں جاری کرے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button