
خلیج اردو
دبئی پولیس نے رہائشیوں کو جعلی ویزا اشتہارات کے ذریعے فراڈ کرنے والے عناصر سے خبردار کردیا۔
دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن کے اینٹی فراڈ سینٹر کے مطابق فراڈ کرنے والے اکثر غیر لائسنس یافتہ کمپنیوں یا دفاتر کے نام استعمال کرتے ہیں جبکہ بعض افراد سرکاری اداروں کی نقالی کرکے اپنی جعلی پیشکشوں کو حقیقی ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
دبئی پولیس کی جاری بی اویئر آف فراڈ آگاہی مہم کے تحت شہریوں کو فراڈ کے عام طریقوں اور ان سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ ویزا سے متعلق تمام معاملات صرف متعلقہ سرکاری اداروں یا قانونی طور پر منظور شدہ دفاتر کے ذریعے مکمل کریں اور غیر تصدیق شدہ افراد یا ایجنٹوں سے لین دین سے گریز کریں۔
پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ کسی بھی ویزا آفر، درخواست یا طریقہ کار کی حقیقت ادائیگی کرنے یا ذاتی معلومات فراہم کرنے سے پہلے سرکاری ذرائع سے خود تصدیق کی جائے۔
رہائشیوں کو فوری ویزا منظوری یا غیر سرکاری ذرائع سے ملازمت دلانے کے دعووں سے بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دبئی پولیس کے مطابق جعلی اشتہار یا فراڈ کی کوشش کا سامنا ہونے کی صورت میں فوری طور پر دبئی پولیس اسمارٹ ایپ، ای کرائم پلیٹ فارم یا 901 پر اطلاع دی جائے۔







