
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگیا، 12 لاکھ 70 ہزار سے زائد طلبہ اسکول واپس پہنچ گئے جبکہ ملک بھر میں 1180 سے زائد اسکولز دوبارہ کھول دیئے گئے۔
کئی ہفتوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد خاندانوں میں معمولات زندگی دوبارہ بحال ہوگئے۔ بچوں کے لیے صبح جلدی اٹھنے، اسکول بیگ تیار کرنے اور اسکول جانے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔
نئے تعلیمی سال میں طلبہ کے لیے کئی اہم تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ کنڈرگارٹن سے گریڈ 2 تک طلبہ کے لیے روایتی ہوم ورک ختم کردیا گیا ہے جبکہ سرکاری اسکولوں میں گریڈ 6 کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل ڈیوائسز کے استعمال پر مزید پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ عربی زبان کے امتحانات کا دائرہ وسیع کرنے اور طلبہ کی تشخیص اور تدریس کے طریقہ کار میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ماہرینِ صحت کے مطابق چھٹیوں کے بعد بچوں کو نئے معمولات اپنانے میں چند دن لگ سکتے ہیں۔ اسکول جانے والے بچوں کو عموماً 9 سے 12 گھنٹے جبکہ نوجوانوں کو 8 سے 10 گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔
ڈاکٹرز نے والدین کو صحت مند ناشتے، متوازن غذا اور مناسب پانی کے استعمال پر بھی زور دیا ہے۔ یو اے ای میں شدید گرمی کے باعث بچوں کو اسکول جاتے وقت پانی کی بوتل ساتھ رکھنے اور وقفے وقفے سے پانی پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔







