متحدہ عرب امارات

یو اے ای اور مصر کے مرکزی بینکوں کا بیان، بینک مصر کی برانچز معمول کے مطابق کام کررہی ہیں

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات اور مصر کے مرکزی بینکوں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ Banque Misr کی یو اے ای میں تمام برانچز معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں گی۔

دونوں مرکزی بینکوں نے کہا کہ وہ یو اے ای میں بینک مصر کی برانچز کے معاملات پر مکمل اور مسلسل تعاون اور رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

بیان کے مطابق بینک مصر کی یو اے ای میں موجود برانچز تمام ضروری اقدامات اور کارروائیاں مقررہ مدت کے دوران مکمل کریں گی۔

یہ پیش رفت امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے بینک مصر کی یو اے ای برانچز کے خلاف مجوزہ اقدام کے بعد سامنے آئی ہے۔ امریکی FinCEN نے تجویز دی ہے کہ بینک مصر کی یو اے ای برانچز کو امریکی مالیاتی اداروں کے ساتھ Correspondent Banking رسائی سے محروم کردیا جائے۔

امریکی حکام کا الزام ہے کہ بینک مصر کی یو اے ای سرگرمیاں ایران کو غیر ملکی کرنسی تک رسائی کا ذریعہ بن رہی ہیں۔

بینک مصر کی یو اے ای میں پانچ برانچز دبئی، ابوظبی، شارجہ اور رأس الخیمہ میں قائم ہیں۔

یو اے ای کے مرکزی بینک نے اس سے قبل بینک مصر کی یو اے ای برانچز کا خصوصی اور فوری معائنہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس میں امریکی بیان میں مذکور مدت کے دوران ہونے والی متعلقہ ٹرانزیکشنز کا فرانزک جائزہ بھی شامل ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق امریکی اقدام باضابطہ طور پر نافذ ہونے کی صورت میں بینک مصر کی یو اے ای میں حیثیت سے متعلق ریگولیٹری آپشنز کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ صارفین کے لیے بینک کی ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button