متحدہ عرب امارات

964 درہم کی خریداری، دبئی کے سیلز مین نے دو بیڈ روم اپارٹمنٹ جیت لیا

خلیج اردو
دبئی میں ایک سیلز مین کی معمول کی شاپنگ زندگی کی سب سے بڑی خوشی میں بدل گئی۔ محمد سلمان مسعود نے 964 درہم کی خریداری کے عوض دبئی کے ’Win Your Home in Dubai‘ شاپنگ کیمپین میں دو بیڈ روم کا اپارٹمنٹ جیت لیا۔

محمد سلمان اتوار کو اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے جب ریڈیو پریزینٹر کرس فیڈ نے لائیو ڈرا کے دوران انہیں فون کیا۔ دبئی فیسٹیول سٹی میں ہونے والی قرعہ اندازی میں کامیابی کی اطلاع ملنے کے باوجود سلمان ابتدا میں سمجھ ہی نہیں سکے کہ انہوں نے اپارٹمنٹ جیت لیا ہے۔

محمد سلمان ایک فوڈ آئٹمز شاپ پر سیلز مین ہیں۔ ان کی جیتنے والی انٹری 27 مئی کو یونین کوآپریٹو سپر مارکیٹ سے کی گئی 964 درہم کی خریداری کی رسید سے حاصل ہوئی تھی۔

یہ قرعہ اندازی دبئی کی ’Win Your Home in Dubai‘ شاپنگ مہم کے فائنل ڈرا کا حصہ تھی جس میں مختلف شاپنگ آؤٹ لیٹس سے خریداری کرنے والوں کو گھر جیتنے کا موقع دیا گیا۔

محمد سلمان نے مہم کا سب سے بڑا انعام الجداف میں دو بیڈ روم کا اپارٹمنٹ جیتا ہے۔ یہ اپارٹمنٹ 30 اگست کو ہونے والی آخری قرعہ اندازی کے لیے مختص کیا گیا تھا۔

22 مئی سے شروع ہونے والی اس مہم میں مجموعی طور پر 12 گھروں کے انعامات رکھے گئے تھے جن میں 11 اسٹوڈیو اپارٹمنٹس اور ایک دو بیڈ روم کا گرینڈ پرائز شامل تھا۔

شرکاء کو کم از کم 500 درہم کی خریداری پر قرعہ اندازی میں شامل ہونے کا موقع دیا گیا۔ محمد سلمان نے مہم شروع ہونے کے صرف پانچ روز بعد 964 درہم کی خریداری کی تھی اور تین ماہ سے زائد عرصے بعد وہی رسید ان کے لیے دبئی میں اپنے گھر کا ذریعہ بن گئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button