متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں اسکول کھلتے ہی سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ، 2 کلومیٹر کا سفر 40 منٹ میں طے ہونے لگا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی اسکولوں کے اطراف ٹریفک کا دباؤ بھی بڑھ گیا ہے۔ دبئی سمیت مختلف امارات میں صبح کے اوقات میں اسکول ڈراپ آف اور دفتری اوقات ایک ساتھ ہونے کے باعث سڑکوں پر طویل قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔

دبئی کے رہائشی ارجیت نندی کے مطابق ان کے بیٹے کا اسکول گھر سے صرف 2 کلومیٹر دور ہے لیکن اسکول بس کے ذریعے گھر پہنچنے میں تقریباً 40 منٹ لگ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول کے قریب خصوصاً ایمریٹس ہلز کے علاقے میں یو ٹرنز کے اطراف ٹریفک کی طویل قطاریں بن رہی ہیں۔

والدین کے مطابق عربین رینچز سمیت دبئی کی دیگر کمیونٹیز میں بھی اسکول کھلنے کے بعد ٹریفک میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ڈراپ آف اور پک اپ کے اوقات میں اضافی وقت درکار ہو رہا ہے۔

عجمان کے الجرف میں وڈلم پارک اسکول کے ٹرانسپورٹ انچارج کے مطابق نئے تعلیمی سال کے پہلے ہفتے میں معمول سے زیادہ ٹریفک دیکھا گیا تاہم صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ صبح کے اوقات میں ٹریفک زیادہ مشکل ہے کیونکہ اسکول ڈراپ آف دفتری اوقات کے رش کے ساتھ ہوتا ہے جبکہ دوپہر میں پک اپ نسبتاً آسان ہے۔

دبئی آر ٹی اے کے مطابق 2025-26 کے دوران 20 ہزار سے زائد والدین کے سروے میں تقریباً 47 فیصد طلبہ کے اسکول آنے جانے کے لیے نجی گاڑیوں جبکہ 44 فیصد کے لیے اسکول بس استعمال ہونے کا انکشاف ہوا۔ 91 فیصد والدین اسکول زونز میں مخصوص ڈراپ آف اور پک اپ ایریاز استعمال کرتے ہیں۔

آر ٹی اے نے نئے تعلیمی سال سے قبل دبئی کے 6 اسکول زونز میں ٹریفک اور سڑکوں کی بہتری کے منصوبے مکمل کیے ہیں جن سے 10 سے زائد اسکول مستفید ہوں گے۔

شارجہ میں بھی الجازات اور الحزانہ کے علاقوں میں سڑکوں کی مرمت، اسفالٹ کی بہتری اور روڈ مارکنگ کا کام مکمل کیا گیا ہے۔

حکام نے ڈرائیورز کو اسکول زونز میں رفتار کم رکھنے، پیدل چلنے والوں کی کراسنگ پر رکنے کے لیے تیار رہنے اور پارک کی گئی گاڑیوں کے درمیان سے اچانک نکلنے والے بچوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button