
خلیج اردو
دبئی کے علاقے فریج المرار میں والد سے بچھڑنے والی 6 سالہ بچی کو دبئی پولیس نے صرف 30 منٹ میں تلاش کرکے بحفاظت والدین کے حوالے کردیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی کا والد اسے اپنے گھر کے قریب ایک گروسری اسٹور پر لے گیا۔ خریداری مکمل کرنے کے بعد والد نے محسوس کیا کہ بچی اس کے ساتھ نہیں ہے۔ ابتدا میں اسے گمان ہوا کہ شاید بچی گھر واپس چلی گئی ہوگی تاہم رہائشی عمارت پہنچنے پر معلوم ہوا کہ وہ اپنی والدہ کے پاس بھی نہیں پہنچی۔
والد نے اطراف میں بچی کو تلاش کیا لیکن کامیابی نہ ملنے پر دبئی پولیس سے رابطہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی نائف پولیس اسٹیشن نے فوری طور پر سرچ ٹیم تشکیل دی۔
پولیس اہلکاروں نے بچی کی تصویر علاقے میں موجود پولیس گشت کرنے والی ٹیموں اور تفتیشی اہلکاروں کے ساتھ شیئر کی۔
صرف 30 منٹ کے اندر نائف پولیس اسٹیشن کی گشتی ٹیم نے بچی کو قریبی سڑک پر تلاش کرلیا۔ پولیس کے مطابق بچی خوفزدہ اور رو رہی تھی۔ اہلکار اسے بحفاظت پولیس اسٹیشن لے گئے جہاں وکٹم کمیونیکیشن سیکشن نے بچی کو تسلی دی اور اس کی دیکھ بھال کی۔
بعد ازاں بچی کے والد پولیس اسٹیشن پہنچے اور پولیس نے بچی کو بحفاظت اس کے اہلخانہ کے حوالے کردیا۔
دبئی پولیس نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا ہے کہ وہ بالخصوص رش والی جگہوں پر چھوٹے بچوں کی نگرانی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔
پولیس نے والدین کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ بچوں کو سکھائیں کہ اگر وہ اپنے اہلخانہ سے بچھڑ جائیں تو پولیس اہلکار یا سیکیورٹی اہلکار سے مدد طلب کریں۔
دبئی پولیس کے مطابق بچوں کی مسلسل نگرانی اور انہیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقے سکھانا کسی مختصر جدائی کو بڑے خطرے میں تبدیل ہونے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔







