متحدہ عرب امارات

دبئی میں گھروں کی قیمتوں میں ساڑھے 5 سال بعد پہلی سالانہ کمی

خلیج اردو
دبئی میں گھروں کی اوسط قیمتوں میں ساڑھے پانچ سال بعد پہلی مرتبہ سالانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

کیونڈش میکسویل کے مطابق اگست 2026 میں رہائشی املاک کی اوسط فروخت قیمت ایک ہزار 636 درہم فی مربع فٹ رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.7 فیصد کم ہے۔

تازہ تین ماہ کے دوران بھی گھروں کی قیمتوں میں 1.3 فیصد کمی ہوئی۔ اس سے قبل سالانہ بنیاد پر قیمتوں میں آخری کمی فروری 2021 میں کورونا وبا کے دوران ریکارڈ کی گئی تھی۔

قیمتوں میں کمی کے باوجود اگست میں دبئی کی رہائشی پراپرٹی کی فروخت 23.4 ارب درہم رہی جبکہ 2026 کے ابتدائی آٹھ ماہ میں لین دین کی مجموعی مالیت تقریباً 270 ارب درہم تک پہنچ گئی۔

اگست میں تقریباً 10 ہزار 900 گھروں کی خرید و فروخت ہوئی، جو جولائی کے مقابلے میں 14 فیصد کم ہے۔ ماہرین کے مطابق گرمیوں کے دوران خریداروں کی سرگرمی میں روایتی کمی بھی اس کی ایک وجہ ہے۔

آف پلان پراپرٹیز کا مارکیٹ پر غلبہ برقرار رہا اور اگست کی مجموعی رہائشی فروخت میں ان کا حصہ تقریباً 75 فیصد رہا۔

تاہم 2026 کے پہلے آٹھ ماہ میں پراپرٹی لین دین کی مجموعی مالیت گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 24 فیصد کم رہی۔

کیونڈش میکسویل کے ڈائریکٹر رونن آرتھر کے مطابق دبئی کی رہائشی پراپرٹی مارکیٹ غیر معمولی تیزی اور مسلسل قیمتوں میں اضافے کے طویل عرصے کے بعد اب زیادہ متوازن اور پختہ مرحلے میں داخل ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں نرمی کا رجحان جاری ہے تاہم دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ کی طلب کو سہارا دینے والے بنیادی عوامل اب بھی مضبوط ہیں۔ نئی لانچز میں کمی، علاقائی غیر یقینی صورتحال اور خریداروں کی سرگرمی معمول پر آنا مستقبل قریب میں مارکیٹ پر اثر انداز ہوں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button