متحدہ عرب امارات

دبئی پولیس کی 999 پر غیر ہنگامی کالز سے گریز کی اپیل

خلیج اردو
دبئی: یو اے ای میں ایمرجنسی نمبر ڈے کے موقع پر دبئی پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ پولیس کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 999 صرف ہنگامی صورتحال میں استعمال کی جائے۔

وزارت داخلہ، دبئی پولیس اور دیگر ریاستوں کے پولیس ہیڈکوارٹرز کی جانب سے مہم ’’ہر سیکنڈ اہم ہے‘‘ کے عنوان سے جاری ہے جس کا مقصد عوام میں ایمرجنسی نمبرز کے درست استعمال سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔

دبئی پولیس کے مطابق ایک سال کے دوران 999 پر موصول ہونے والی 50 لاکھ سے زائد کالز میں تقریباً 75 فیصد غیر ہنگامی نوعیت کی تھیں۔ ان میں راستہ پوچھنے، ٹریفک جرمانوں سے متعلق معلومات لینے اور دیگر معمولی نوعیت کی درخواستیں شامل تھیں۔

دبئی پولیس نے ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا جس میں ایک بزرگ شخص نے 999 پر اس لیے کال کی کہ وہ تنہائی محسوس کر رہے تھے اور پولیس اہلکاروں کو اپنے ساتھ لنچ کی دعوت دینا چاہتے تھے۔

دیگر غیر ضروری کالز میں کھلی فارمیسی کے بارے میں معلومات، سر درد کیلئے مشورہ اور شاپنگ مالز کا راستہ پوچھنے جیسی درخواستیں بھی شامل رہی ہیں۔

پولیس نے واضح کیا کہ 999 ایسی صورتحال کیلئے ہے جہاں فوری پولیس مدد درکار ہو اور جان، سلامتی یا املاک کو خطرہ لاحق ہو۔

غیر ہنگامی پولیس معلومات اور خدمات کیلئے رہائشی 901 پر رابطہ کریں۔ پولیس کے مطابق 999 ہنگامی صورتحال کیلئے جبکہ 901 غیر ہنگامی پولیس خدمات اور معلومات کیلئے مختص ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button