متحدہ عرب امارات

یو اے ای کے سکولوں میں اسکالرشپس، فیس میں 50 فیصد تک رعایت

خلیج اردو
دبئی: یو اے ای کے سکولوں نے تعلیمی سال 2026-27 کیلئے طلبہ کو اسکالرشپس دینے کے مختلف پروگرامز کا اعلان کیا ہے جن کے تحت فیس میں 10 سے 50 فیصد تک رعایت دی جاسکتی ہے۔

سکول انتظامیہ کے مطابق اسکالرشپ حاصل کرنے کیلئے صرف بہترین نمبرز ضروری نہیں بلکہ کھیل، موسیقی، پرفارمنگ آرٹس، قیادت، کردار اور دیگر صلاحیتوں کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔

آرکیڈیا برٹش سکول میں سال 7، 10 اور 12 میں داخل ہونے والے طلبہ کیلئے جزوی فیس اسکالرشپس دستیاب ہیں۔ سال 7 اور 10 کے طلبہ کو فیس میں 25 فیصد تک جبکہ غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے سال 12 کے محدود تعداد میں طلبہ کو 50 فیصد تک رعایت دی جاسکتی ہے۔

سکول کے مطابق اسکالرشپ کیلئے قیادت، مہربانی، دیانت، عزم اور مثبت کردار جیسی خصوصیات بھی دیکھی جاتی ہیں۔ کھیلوں کے امیدواروں سے مختلف کھیلوں میں اچھی کارکردگی جبکہ پرفارمنگ آرٹس کے امیدواروں سے موسیقی، رقص یا ڈرامے میں صلاحیت کا مظاہرہ متوقع ہے۔

ریجنٹ انٹرنیشنل سکول میں بھی مختلف شعبوں میں میرٹ پر اسکالرشپس دی جارہی ہیں۔ موجودہ اور نئے طلبہ دونوں ان اسکالرشپس کیلئے درخواست دے سکتے ہیں تاہم سہولت کے مطابق جائزے کا طریقہ مختلف ہوسکتا ہے۔

جیمز ایجوکیشن میں بھی موجودہ اور نئے طلبہ کیلئے مختلف اسکالرشپ پروگرامز موجود ہیں۔ جیمز جینیئس اسکالرشپ تمام قومیتوں کے اہل طلبہ کیلئے دستیاب ہے جبکہ 2027 کے تعلیمی سال کیلئے سال 10 اور سال 12 میں داخل ہونے والے طلبہ اس کیلئے درخواست دے سکیں گے۔ درخواستیں اکتوبر 2026 میں شروع ہوں گی اور اسکالرشپ دو سال کیلئے دی جائے گی۔

رگبی سکول دبئی میں سال 7، 8، 9، 10 اور 12 میں داخل ہونے والے طلبہ کیلئے عام طور پر سالانہ ٹیوشن فیس میں 10 فیصد تک اسکالرشپ دی جائے گی۔ اماراتی طلبہ کیلئے رُوّاد الامارات اسکالرشپ کے تحت سال 4 سے 13 تک فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔

نئے قائم ہونے والے کوئین الزبتھ سکول دبئی میں بھی اسکالرشپ پروگرام تیار کیا جارہا ہے جس میں تعلیمی کارکردگی کے ساتھ طلبہ کی صلاحیت، کردار اور سکول کی زندگی میں مثبت کردار ادا کرنے کی استعداد کو مدنظر رکھا جائے گا۔

سکولوں کا کہنا ہے کہ اسکالرشپس کا مقصد صرف اعلیٰ نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ کو انعام دینا نہیں بلکہ مختلف شعبوں میں باصلاحیت اور باکردار طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button