
خلیج اردو
عجمان میں مقیم 41 سالہ بھارتی شہری جِجو پلِکاتھوڈی نے دبئی ڈیوٹی فری ملینیم ملینیئر قرعہ اندازی میں 10 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم جیت لی۔
فوٹوگرافر جِجو نے ٹکٹ نمبر 4891 کے ذریعے یہ انعام حاصل کیا جو انہوں نے 22 اگست کو آن لائن خریدا تھا۔ وہ چار سال سے اجمان میں مقیم ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔
جِجو نے بتایا کہ انہوں نے یہ ٹکٹ اپنے 17 بھارتی دوستوں کے ساتھ مل کر خریدا تھا اور گزشتہ تین سے چار ماہ سے دبئی ڈیوٹی فری کی قرعہ اندازی میں حصہ لے رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی سب کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔
کیرالا سے تعلق رکھنے والے جِجو دبئی ڈیوٹی فری ملینیم ملینیئر پروموشن میں 10 لاکھ ڈالر جیتنے والے 283ویں بھارتی شہری بن گئے ہیں۔
اسی قرعہ اندازی میں دبئی میں مقیم بھارتی شہری روہن پرکاش فرنینڈس نے بھی ٹکٹ نمبر 1710 کے ذریعے 10 لاکھ ڈالر جیت لیے۔
دبئی ڈیوٹی فری کی فنِسٹ سرپرائز قرعہ اندازی میں شارجہ میں مقیم 53 سالہ بھارتی شہری یوگیش دھانک نے رینج روور ایس ای پی 360 گاڑی جیت لی۔ یوگیش گزشتہ 15 برس سے قرعہ اندازی میں حصہ لے رہے ہیں۔
دبئی میں مقیم 35 سالہ ترک شہری ایسر ایرول نے بی ایم ڈبلیو ایف 900 جی ایس موٹرسائیکل جیت لی جبکہ دبئی میں مقیم بھارتی شہری میلون پونٹس نے اپریلیا توونو وی 4 موٹرسائیکل اپنے نام کرلی۔
میلون پونٹس اس سے قبل اکتوبر 2025 میں بھی دبئی ڈیوٹی فری قرعہ اندازی میں اپریلیا آر ایس وی 4 فیکٹری 1100 موٹرسائیکل جیت چکے ہیں۔







