متحدہ عرب امارات

شارجہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، ریٹائرڈ افراد کے لیے ایک ہزار جز وقتی ملازمتوں کی منظوری

خلیج اردو
شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے سرکاری ملازمین، ریٹائرڈ افراد اور سماجی معاونت حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے تنخواہوں اور مالی معاونت میں اضافے سمیت متعدد اہم اقدامات کی منظوری دے دی۔ نئے اقدامات کے تحت شارجہ حکومت میں معقول معیار زندگی کی ماہانہ حد 20 ہزار درہم مقرر کردی گئی ہے، جس کا اطلاق ستمبر سے ہوگا۔

فیصلے سے شارجہ حکومت کی سماجی معاونت حاصل کرنے والے 6 ہزار 652 خاندان، شارجہ حکومت کے 2 ہزار 251 ریٹائرڈ افراد، حکومت سے باہر کے اداروں سے ریٹائر ہونے والے 5 ہزار 300 شہری اور 17 ہزار 776 سرکاری ملازمین مستفید ہوں گے۔ ان اقدامات پر سالانہ مجموعی لاگت ایک ارب 18 کروڑ 70 لاکھ درہم سے زائد ہوگی۔

7 ستمبر کو شارجہ کے حکمران نے گریڈ 3، گریڈ 2، گریڈ 1، اسپیشل اے اور اسپیشل بی کے 3 ہزار 270 سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافے کی منظوری دی، جس پر سالانہ 16 کروڑ درہم سے زائد لاگت آئے گی۔ جنرل جاب سسٹم کے تحت ہر گریڈ کے ملازمین کی ماہانہ خالص تنخواہ میں انشورنس کی کٹوتیوں کے بعد 3 ہزار 375 درہم اضافہ ہوگا۔

ریٹائرڈ افراد کے لیے بھی پنشن میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ شارجہ حکومت کے ایک ہزار 470 ریٹائرڈ ملازمین کو گریڈ کے حساب سے زیادہ پنشن ملے گی، جس پر سالانہ 3 کروڑ 70 لاکھ درہم سے زائد خرچ ہوں گے۔ سماجی خدمات سے مستفید ہونے والے مزید ایک ہزار 473 افراد کو بھی ماہانہ 3 ہزار 375 درہم اضافی دیے جائیں گے۔

شارجہ حکومت نے بزرگ شہریوں، ان کے شریک حیات اور ریٹائرڈ افراد کے لیے ایک ہزار جز وقتی سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کے نظام کی بھی منظوری دی ہے۔ اس نظام کے تحت افراد اپنی استطاعت کے مطابق روزانہ ایک یا دو گھنٹے کام کرسکیں گے یا ہفتے میں تین غیر مسلسل دن کام کریں گے، جبکہ ہر کام کے دن کے بعد آرام کا دن ہوگا۔

حکام کے مطابق ان ملازمتوں میں جسمانی مشقت شامل نہیں ہوگی۔ بزرگ افراد کو کام کی جگہ تک لے جانے اور واپس گھر پہنچانے کے لیے ادارے کی جانب سے گاڑی بھی فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کا مقصد بزرگ شہریوں کو تنہائی سے نکال کر معاشرتی سرگرمیوں میں شامل کرنا اور انہیں کام کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

شارجہ حکومت کے اداروں کو 2026 کے باقی مہینوں میں مزید ایک ہزار 200 اماراتی مرد و خواتین کو بھرتی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ان تقرریوں کے بعد رواں سال شارجہ حکومت میں شہریوں کے لیے 3 ہزار سرکاری ملازمتوں کا ہدف مکمل ہوجائے گا۔ جنوری سے 3 ستمبر تک ایک ہزار 800 اماراتی شہری پہلے ہی سرکاری اداروں میں بھرتی کیے جاچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button