
خلیج اردو
دبئی حکومت کے اداروں کی جانب سے رواں موسم گرما میں اپنائے گئے ورک ارینجمنٹس میں 54 فیصد ملازمین کے لیے کام شروع اور ختم کرنے کے اوقات میں لچک دی گئی، جو سب سے زیادہ استعمال ہونے والا طریقہ رہا۔ دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورسز ڈپارٹمنٹ کے مطابق ریموٹ اور ہائبرڈ ورک اس کے بعد مقبول آپشنز رہے جبکہ دیگر منظور شدہ لچکدار طریقوں کا بھی استعمال کیا گیا۔
’آور فلیکسبل سمر 2026‘ اقدام کے تحت دبئی حکومت کے 49 اداروں کے 24 ہزار سے زائد ملازمین کو سہولت فراہم کی گئی۔ سروے کے مطابق اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے تقریباً 95 فیصد ملازمین نے اپنے اداروں کی جانب سے منظور کردہ ورک ارینجمنٹس پر عمل کیا، جبکہ 99 فیصد شریک اداروں نے ملازمین کو کام کے طریقہ کار، رابطے کے اصولوں اور سروسز کی فراہمی سے متعلق آگاہی فراہم کی۔
مختلف اداروں نے اپنے کام کی نوعیت کے مطابق لچکدار نظام اپنایا۔ عوامی خدمات سے متعلق شعبوں نے سروسز کی دستیابی اور صارفین کے اطمینان کو ترجیح دی، جبکہ قانونی اور ادارہ جاتی شعبوں میں ذمہ داریوں کی وضاحت اور کام کے نظم و ضبط پر توجہ دی گئی۔ تیز رفتار شعبوں نے ترجیحات کے بہتر انتظام اور ٹیموں کو بدلتے حالات کے مطابق ڈھالنے پر زور دیا۔
یہ اقدام پہلی مرتبہ 2024 میں آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا تھا، جس میں 21 سرکاری ادارے شامل تھے۔ دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورسز ڈپارٹمنٹ کے مطابق تجرباتی مرحلے کے دوران پیداواری صلاحیت اور کام کے معیار میں مثبت نتائج سامنے آئے جبکہ ملازمین کی اطمینان اور خوشی کی شرح تقریباً 98 فیصد رہی۔
کامیاب نتائج کے بعد اسکیم کو 2025 اور 2026 میں دبئی حکومت کے مزید اداروں تک توسیع دی گئی۔ دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورسز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ علی بن زاید الفلاسی نے کہا کہ ’آور فلیکسبل سمر‘ کی توسیع بدلتے ورک پلیس کے تقاضوں کے مطابق کام کے ایسے طریقوں کی ضرورت کو ظاہر کرتی ہے جو اداروں کو اپنی ذمہ داریوں اور آپریشنل ترجیحات کے مطابق نظام ترتیب دینے میں مدد دیں۔






