
خلیج اردو
بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے عالمی سطح پر پنجابی موسیقی کے لیے ایک اور بڑی تاریخ رقم کردی۔ دلجیت دوسانجھ 12 ستمبر کو لندن کے معروف ویمبلی اسٹیڈیم میں مرکزی پرفارمنس دینے والے پہلے پنجابی فنکار بن گئے، جہاں رپورٹ کے مطابق 90 ہزار سے زائد مداحوں نے ان کی پرفارمنس دیکھی۔
ویمبلی اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب محض ایک کنسرٹ نہیں بلکہ پنجابی موسیقی اور ثقافت کا بھرپور جشن بن گئی۔ دلجیت دوسانجھ نے اپنی مشہور پرفارمنس کے دوران ’’پنجابی آ گئے اوئے‘‘ کے نعروں سے ماحول گرمایا، جبکہ بڑی تعداد میں مداح روایتی پنجابی لباس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر اسٹیڈیم میں پگڑی باندھنے کی مفت سہولت بھی فراہم کی گئی۔
دلجیت نے اپنے مقبول گانوں ’’جی او اے ٹی‘‘، ’’لوور‘‘، ’’بورن ٹو شائن‘‘ اور ’’ہنس ہنس‘‘ سمیت متعدد گانے پیش کیے۔ انہوں نے مداحوں کو اسٹیج پر بلایا، ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور تحائف بھی تقسیم کیے۔
ویمبلی میں تاریخی پرفارمنس سے قبل دلجیت 2023 میں کوچیلا میوزک فیسٹیول میں پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بھی بن چکے ہیں۔ ویمبلی میں زیادہ تر پنجابی زبان میں پرفارمنس نے عالمی سطح پر جنوبی ایشیائی ثقافت کی نمائندگی کا ایک اور اہم سنگ میل قائم کیا۔
تقریب کا اختتام آتش بازی اور ’’میں ہوں پنجاب‘‘ کی پرفارمنس سے ہوا۔ دلجیت نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان کا اورا ورلڈ ٹور 21 نومبر کو احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم پہنچے گا۔







