
خلیج اردو
دبئی میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو میٹرو کے ذریعے آپس میں ملانے کے منصوبے پر مطالعات شروع کردیئے گئے ہیں۔ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے چیئرمین مطر الطائر کے مطابق ایئرپورٹ حکام کے ساتھ منصوبے پر بات چیت اور مطالعات جاری ہیں۔
مطر الطائر نے بتایا کہ اس کام میں بین الاقوامی ماہرین بھی شامل ہیں اور مطالعات مکمل ہونے میں تقریباً ایک سال لگے گا، جس کے بعد منصوبے سے متعلق نتائج سامنے آئیں گے۔
دبئی میں اس وقت میٹرو کی بلیو لائن پر کام جاری ہے، جبکہ گولڈ لائن کے ٹینڈر کے اجرا کی منصوبہ بندی بھی 2026 کے اختتام تک کی جارہی ہے۔ بلیو اور گولڈ لائن منصوبوں کی مجموعی متوقع لاگت تقریباً 55 ارب درہم ہے۔
دونوں منصوبے مکمل ہونے کے بعد دبئی میٹرو نیٹ ورک کی موجودہ 90 کلومیٹر لمبائی بڑھ کر 2032 تک 162 کلومیٹر ہوجائے گی، جو تقریباً 80 فیصد اضافہ ہوگا۔ بلیو لائن 2029 جبکہ گولڈ لائن 2032 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔







