متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں پٹرول کی قیمتیں 4 درہم فی لیٹر سے تجاوز کرگئیں، چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں اکتوبر 2026 کے لیے پٹرول کی قیمتوں میں 60 فلس فی لیٹر تک اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد پٹرول کی قیمتیں چار سال سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اکتوبر کے لیے ایندھن کی قیمتوں میں 16 فیصد سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

یو اے ای فیول پرائس کمیٹی نے اکتوبر کے لیے سپر 98 پٹرول کی قیمت 3.80 درہم سے بڑھا کر 4.40 درہم فی لیٹر، اسپیشل 95 کی قیمت 3.69 درہم سے بڑھا کر 4.28 درہم اور ای پلس 91 کی قیمت 3.61 درہم سے بڑھا کر 4.21 درہم فی لیٹر مقرر کردی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں پٹرول کی قیمتیں روس، یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد فروری 2022 میں پہلی مرتبہ 4 درہم فی لیٹر سے تجاوز کر گئی تھیں۔ جولائی 2022 میں سپر 98 پٹرول کی قیمت ریکارڈ 4.63 درہم جبکہ اسپیشل 95 کی قیمت 4.52 درہم فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی۔

ستمبر 2026 کے دوران مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند رہیں۔ ستمبر میں برینٹ خام تیل کی قیمت زیادہ تر 100 ڈالر فی بیرل یا اس سے زائد رہی۔

بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کی تردید کے بعد تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہوا، جبکہ قطر نے امن مذاکرات کے لیے کوششیں تیز کردیں۔ بدھ کی صبح برینٹ خام تیل 102.80 ڈالر جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 89.28 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ منگل کو برینٹ کی قیمت 107 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔

سینچری فنانشل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر وجے ویلیچا کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق امریکا اور ایران کے درمیان تعطل نے تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھایا ہے، جبکہ توانائی کی بلند قیمتیں مہنگائی کے دباؤ اور شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button