
خلیج اردو
دبئی میں دنیا بھر کے کانٹینٹ کریئیٹرز کا بڑا اجتماع 1 بلین فالوورز سمٹ 2027 پانچویں ایڈیشن کے ساتھ واپس آرہا ہے۔ سمٹ 8 سے 10 جنوری 2027 تک دبئی کے ایمریٹس ٹاورز اور میوزیم آف دی فیوچر میں منعقد ہوگی، جس میں 500 سے زائد مقررین شرکت کریں گے اور ان کے مجموعی فالوورز کی تعداد 4 ارب سے زیادہ ہوگی۔
یو اے ای گورنمنٹ میڈیا آفس کی وائس چیئرپرسن اور 1 بلین فالوورز سمٹ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عالیہ الحمادی کے مطابق رواں ایڈیشن میں مقررین کے فالوورز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سمٹ میں مصنوعی ذہانت، کریئیٹر لیڈ مارکیٹنگ اور آن لائن مواد سے جڑی کاروباری سرگرمیوں پر توجہ دی جائے گی۔
عالیہ الحمادی کے مطابق اس بار اے آئی کے استعمال پر صرف تعارفی گفتگو کے بجائے عملی مثالیں اور کیس اسٹڈیز پیش کی جائیں گی، جن میں برانڈز اور کانٹینٹ کریئیٹرز کی جانب سے اے آئی کے ذریعے مارکیٹنگ مہمات بہتر بنانے کے تجربات شامل ہوں گے۔
سمٹ میں برانڈز، میڈیا اور کریئیٹرز کے بدلتے تعلقات اور مارکیٹنگ بجٹ میں کریئیٹر پارٹنرشپس کے بڑھتے استعمال پر بھی گفتگو ہوگی۔ منتظمین کے مطابق بعض عالمی کمپنیوں نے مستقل بنیادوں پر کانٹینٹ کریئیٹرز کے ساتھ کام کرنے کا دائرہ وسیع کیا ہے۔
2027 کی سمٹ میں 10 لاکھ ڈالر مالیت کے اے آئی فلم ایوارڈ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ گزشتہ مقابلے میں 30 ہزار سے زائد فلمیں جمع کرائی گئی تھیں جبکہ رواں سال مزید درخواستوں کی توقع ہے۔ اے آئی فلم ایوارڈ بائٹ ڈانس کے انٹرپرائز ٹیکنالوجی بازو بائٹ پلس کے اشتراک سے منعقد ہوگا جبکہ ٹک ٹاک بھی اس منصوبے میں شریک ہوگا۔
ٹک ٹاک اور سمٹ کے اشتراک سے #1MillionStories مقابلہ بھی ہوگا، جس میں لوگوں کو ایسی فلموں اور سیریز سے متعلق اپنی کہانیاں شیئر کرنے کی دعوت دی جائے گی جنہوں نے ان کی زندگیوں پر اثر ڈالا۔
سمٹ میں انسٹاگرام کریئیٹرز ڈے کے نام سے مکمل دن پر مشتمل پروگرام بھی ہوگا، جبکہ کریئیٹر مارکیٹ میں تقریباً 100 کریئیٹرز کے اپنے کاروبار اور مصنوعات پیش کی جائیں گی۔ منتظمین کے مطابق سمٹ کا مقصد کریئیٹرز اور میڈیا اداروں کے درمیان شراکت داری کے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔
عالیہ الحمادی کے مطابق کریئیٹرز ایچ کیو کی رکنیت کے لیے 14 ہزار سے زائد افراد نے درخواستیں دی تھیں، جن میں سے 5 ہزار افراد کو منتخب کیا گیا۔ ان منتخب ارکان کے مجموعی فالوورز کی تعداد 5 ارب سے زیادہ ہے۔







