
خلیج اردو
دبئی فٹنس چیلنج کے دسویں ایڈیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، رواں سال ایک ماہ پر محیط یہ فٹنس مہم 31 اکتوبر سے 29 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ دبئی فٹنس چیلنج کے تحت پورے شہر کو ایک بڑے اوپن ایئر فٹنس مرکز میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں مقامی افراد اور سیاح مختلف مفت سرگرمیوں اور اجتماعی کھیلوں میں حصہ لے سکیں گے۔
2026 کے ایڈیشن کا نعرہ ’’واٹس یور 30 ایکس 30؟‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے ذریعے لوگوں کو 30 دن تک روزانہ 30 منٹ جسمانی سرگرمی کے لیے متحرک کرنے کا مقصد ہے۔ دبئی فٹنس چیلنج کے گزشتہ 9 ایڈیشنز میں 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد حصہ لے چکے ہیں اور دسویں ایڈیشن کے ذریعے دبئی میں صحت مند اور فعال طرز زندگی کو مزید فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔
دبئی فٹنس چیلنج کا آغاز یکم نومبر کو دبئی رائیڈ سے ہوگا، جس میں سائیکلنگ کے شوقین افراد شہر کی بڑی اجتماعی سائیکلنگ سرگرمی میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد 7 اور 8 نومبر کو حتّا ڈیم میں دبئی اسٹینڈ اپ پیڈل کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں شرکا پانی پر مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔
چیلنج کی مرکزی سرگرمی دبئی رن 22 نومبر کو ہوگی، جس میں ہزاروں افراد دبئی کی سڑکوں پر اجتماعی دوڑ میں شریک ہوں گے۔ ایک ماہ پر محیط فٹنس چیلنج کا اختتام 29 نومبر کو دبئی یوگا کے بڑے اجتماعی سیشن کے ساتھ ہوگا۔
دبئی رن میں شرکا کی تعداد 2019 میں 70 ہزار تھی جو 2025 میں بڑھ کر 3 لاکھ 7 ہزار سے زائد ہوگئی۔ اسی طرح دبئی رائیڈ میں 2025 کے دوران 40 ہزار سے زیادہ سائیکل سوار شریک ہوئے، جو 2020 میں ہونے والے پہلے ایڈیشن کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ تعداد ہے۔
30 روزہ پروگرام کے دوران 3 مفت فٹنس ولیجز بھی قائم کیے جائیں گے جہاں شرکا کو روزانہ 30 منٹ کی فٹنس سرگرمی مکمل کرنے کے لیے مختلف سہولیات فراہم ہوں گی۔ ان مراکز میں مفت فٹنس کلاسز، خواتین کے لیے مخصوص مقامات اور باسکٹ بال، فٹ بال، پیڈل اور والی بال سمیت مختلف کھیلوں کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
اس کے علاوہ دبئی بھر میں 23 سے زائد کمیونٹی فٹنس ہب قائم کیے جائیں گے جہاں ہزاروں مفت کلاسز اور مختلف جسمانی سرگرمیوں کا اہتمام ہوگا۔ حکام کے مطابق ان سرگرمیوں کا مکمل شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔
دبئی فٹنس چیلنج کے دوران کئی عالمی سطح کے کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔ ان میں 8 سے 15 نومبر تک ایمر دبئی پریمیئر پیڈل پی ون، 12 سے 15 نومبر تک ڈی پی ورلڈ ٹور چیمپئن شپ، 13 سے 15 نومبر تک دبئی ٹی 100 ٹرائیتھلون، 21 اور 22 نومبر کو ایمریٹس دبئی سیل گراں پری اور 27 سے 29 نومبر تک ایمریٹس دبئی سیونز شامل ہیں۔







