متحدہ عرب امارات

عالمی موسیقی کے معتبر ایوارڈ گرامیز میں ایشین پاپ کی نمائندگی کو بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں معروف جنوبی کوریائی میوزک گروپ اسٹری کڈز نے آئندہ گرامیز کے لیے اپنی موسیقی جمع نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بلیک پنک بھی نامزدگی کے لیے نااہل قرار پائے گی۔

خلیج اردو
عالمی موسیقی کے معتبر ایوارڈ گرامیز میں ایشین پاپ کی نمائندگی کو بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں معروف جنوبی کوریائی میوزک گروپ اسٹری کڈز نے آئندہ گرامیز کے لیے اپنی موسیقی جمع نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بلیک پنک بھی نامزدگی کے لیے نااہل قرار پائے گی۔

بی ٹی ایس کی جانب سے جولائی میں گرامیز کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد اسٹری کڈز نے بھی ایوارڈز سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔ گروپ کی ایجنسی جے وائی پی انٹرٹینمنٹ نے تصدیق کی کہ اس نے 2027 میں ہونے والے گرامیز کے اگلے ایڈیشن کے لیے گروپ کی موسیقی جمع نہیں کرائی۔

اسٹری کڈز کے فیصلے کی حتمی وجہ واضح نہیں کی گئی، تاہم یہ اعلان گرامیز کی جانب سے ایشین پاپ میوزک پرفارمنس کی نئی کیٹیگری برقرار رکھنے کے فیصلے کے 24 گھنٹے کے اندر سامنے آیا۔ اس سے قبل ریکارڈنگ اکیڈمی نے شدید تنقید کے بعد اس کیٹیگری میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا۔

گرامیز میں ایشین پاپ کے لیے الگ کیٹیگری متعارف کرانے کے اعلان پر دنیا بھر کے فنکاروں اور مداحوں نے اعتراض کیا تھا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ چین، جاپان اور جنوبی کوریا سمیت مخصوص خطوں کی موسیقی کے لیے الگ کیٹیگری بنانا ان فنکاروں کے دیگر بڑی کیٹیگریز میں تسلیم کیے جانے کے امکانات محدود کرسکتا ہے۔

بی ٹی ایس کے ارکان نے سوشل میڈیا پر اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ موسیقی کو خطے یا زبان کے بجائے موسیقی کے طور پر سنا اور پسند کیا جائے۔

دوسری جانب دنیا کے معروف کے پاپ گروپ بلیک پنک بھی ایشین پاپ کیٹیگری میں نامزدگی کی اہل نہیں۔ کیٹیگری کے قواعد کے مطابق جمع کرایا جانے والا گیت نمایاں حصے میں کم از کم ایک ایشیائی زبان پر مشتمل ہونا چاہیے۔

بلیک پنک کے حالیہ البم ڈیڈ لائن کے گانے جمپ کے علاوہ تقریباً تمام گانے انگریزی زبان میں ہیں، جس کے باعث گروپ اس کیٹیگری کے لیے نااہل ہوجاتا ہے۔ جمپ جولائی میں البم سے پہلے ریلیز کیا گیا تھا، جبکہ 69ویں گرامیز کے لیے اہلیت کی مدت 31 اگست 2025 سے 28 اگست 2026 تک مقرر تھی۔

بی ٹی ایس، بلیک پنک اور اسٹری کڈز جیسے بڑے ناموں کی عدم موجودگی سے ممکنہ طور پر کم معروف ایشین پاپ گروپس کو عالمی سطح پر سامنے آنے کا موقع مل سکتا ہے، تاہم نئی کیٹیگری کی حیثیت پر پہلے سے جاری بحث مزید شدت اختیار کرسکتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button