
خلیج اردو
دبئی میں مشترکہ رہائش کے لیے استعمال ہونے والی جائیدادوں کو گاڑیوں کی کم از کم مقررہ پارکنگ فراہم کرنے کی شرط سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔ دبئی میونسپلٹی کی جانب سے جاری کردہ نئے ضوابط کے مطابق مشترکہ رہائش کے مالکان پر دیگر رہائشی منصوبوں کی طرح کرایہ داروں کے لیے مخصوص تعداد میں گاڑیوں کی پارکنگ فراہم کرنا لازم نہیں ہوگا۔
تاہم پارکنگ کی شرط سے استثنیٰ کا مطلب یہ نہیں کہ جائیداد مالکان کی دیگر ذمہ داریاں ختم ہوگئی ہیں۔ مالکان کو جائیداد سے متصل علاقوں اور سڑک کے لیے مختص جگہ میں دستیاب پارکنگ کے استعمال سے متعلق ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔
دبئی میونسپلٹی کے مطابق جائیداد سے ملحقہ علاقوں یا سڑک کے لیے مختص جگہ میں پارکنگ کے کسی بھی انتظام کے لیے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی منظوری ضروری ہوگی اور دبئی بلڈنگ کوڈ کے تقاضوں پر عمل کرنا ہوگا۔
فروری میں جاری کیے گئے مشترکہ رہائش کے نئے قانون کی مزید تفصیلات دبئی میونسپلٹی نے 2026 کے سرکلر نمبر ایک، تین، ایک کے ذریعے جاری کی ہیں۔ قانون میں اجازت ناموں، لیزنگ اور حفاظتی معیارات کے حوالے سے واضح قواعد مقرر کیے گئے ہیں جبکہ خلاف ورزی پر 500 درہم سے 5 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب اگرچہ گاڑیوں کی پارکنگ کی شرط ختم کی گئی ہے، لیکن سائیکل پارکنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ جائیداد کے مالک کو عمارت میں موجود مجموعی مکینوں کی تعداد کے کم از کم 10 فیصد کے برابر سائیکل پارکنگ فراہم کرنا ہوگی۔
مثال کے طور پر 100 افراد کی گنجائش رکھنے والی مشترکہ رہائش کی عمارت میں کم از کم 10 سائیکلوں کے لیے پارکنگ فراہم کرنا ہوگی۔ یہ پارکنگ سڑک کے لیے مختص جگہ میں بھی بنائی جاسکتی ہے، تاہم اس کے لیے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے منظوری لینا ہوگی۔
نئے ضوابط کے تحت مشترکہ رہائش کے کرایہ داروں کو جائیداد لینے سے پہلے پارکنگ کی دستیابی کے بارے میں مالک یا بلڈنگ مینجمنٹ سے معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کیونکہ مشترکہ رہائش میں ہر کرایہ دار کے لیے مخصوص گاڑی کی پارکنگ دستیاب ہونا ضروری نہیں۔
جائیداد مالکان کے لیے نئے قواعد کے تحت ایک جانب گاڑیوں کی کم از کم پارکنگ فراہم کرنے کی ذمہ داری ختم کردی گئی ہے، جبکہ دوسری جانب کسی بھی پارکنگ انتظام کو قانونی منظوری کے مطابق یقینی بنانا اور سائیکل پارکنگ کا مقررہ کوٹہ پورا کرنا لازمی ہوگا۔
یہ گائیڈ نئی عمارتوں کے ساتھ ان موجودہ عمارتوں پر بھی لاگو ہوگا جنہیں مشترکہ رہائش کے لیے تبدیل کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ جائیدادوں کے لیے نئے تقاضوں کے مطابق عمل درآمد کی آخری تاریخ 8 ستمبر 2027 مقرر کی گئی ہے۔







