
خلیج اردو
اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے زخمی بھارتی کپتان سمت مچھھر کو صحت یابی کے بعد یروشلم آنے کی دعوت دے دی اور انہیں شہری بہادری کے اعلیٰ اسرائیلی اعزاز سے نوازنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی کپتان متحدہ عرب امارات میں زیر علاج ہیں۔
اسرائیلی صدر نے 4 اکتوبر 2026 کو کپتان کے نام خط میں ان کی بہادری اور مشکل صورتحال میں حاضر دماغی کو سراہا۔ اسحاق ہرزوگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خط کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں رسمی انداز میں لکھے گئے نام کے ساتھ ہاتھ سے ’ڈیئر سمت‘ درج کرکے ذاتی پیغام کا تاثر دیا گیا۔
خط میں اسرائیلی صدر نے کہا کہ دوران پرواز پیش آنے والے واقعے میں کاک پٹ کے اندر کپتان کو شدید خوف اور جان لیوا صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔ انہوں نے سمت مچھھر کی ہمت، فوری خطرے کا مقابلہ کرنے اور دانشمندانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری نے طیارے میں سوار بے گناہ مسافروں کو ممکنہ تباہی سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات کی تحقیقات کے مطابق 30 ستمبر کو پیش آنے والے واقعے میں عمانی معاون پائلٹ نے ہنگامی کلہاڑی سے بھارتی کپتان پر حملہ کیا تھا۔ واقعے کو ممکنہ دہشت گردانہ حملے کی کوشش قرار دیا گیا، تاہم طیارے کو سعودی عرب کے شہر تبوک کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں اس نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ طیارے میں سوار اسرائیلی مسافروں کو بعد ازاں واپس اسرائیل منتقل کردیا گیا۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے خط میں کہا کہ وہ سمت مچھھر کی مکمل صحت یابی کے بعد یروشلم میں ان کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیلی عوام کی جانب سے انہیں شہری بہادری کے لیے اسرائیل کے اعلیٰ ترین اعزاز، اسرائیلی صدارتی ایوارڈ برائے شہری بہادری، سے نوازنا چاہیں گے۔ انہوں نے بھارتی کپتان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
اس واقعے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے بھی اسپتال میں زیر علاج بھارتی کپتان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں اسرائیل کے دورے کی دعوت دی۔ نیتن یاہو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سمت مچھھر اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ سال مئی میں اسرائیل کے یوم آزادی کی تقریب میں شعلہ روشن کریں۔ ان کے مطابق یہ اعزاز عموماً اسرائیلی شہریوں کو دیا جاتا ہے۔
نیتن یاہو نے گفتگو کے دوران بھارتی کپتان کو بھارت، اسرائیل اور پوری دنیا کا ہیرو قرار دیا۔ اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ کے اسپیکر امیر اوہانا سمیت دیگر اسرائیلی حکام نے بھی کپتان کی بہادری کو سراہا اور ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔







