
خلیج اردو
دبئی کے معروف تفریحی اور ثقافتی مقام گلوبل ولیج نے سیزن 31 کا آغاز کردیا ہے، جس میں سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لیے نئی تفریحی سرگرمیاں، شوز اور ثقافتی تجربات پیش کیے جارہے ہیں۔
اس سیزن کا عنوان ’’اے مور ونڈرفل ورلڈ‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے تحت مختلف ممالک کی ثقافتوں، روایات اور طرز زندگی کو نمایاں کیا جائے گا۔
سیزن 31 میں 29 پویلینز قائم کیے گئے ہیں، جو 90 سے زائد ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ گلوبل ولیج میں دنیا بھر کی مصنوعات فروخت کرنے کے لیے 3 ہزار 500 سے زائد دکانیں موجود ہیں، جبکہ کھانے پینے کے شوقین افراد کے لیے 250 سے زیادہ مقامات پر مختلف پکوان پیش کیے جائیں گے۔
گلوبل ولیج کے نئے سیزن میں 40 ہزار شوز اور 200 سے زائد تفریحی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق اس سال نئے تجربات کے ساتھ گزشتہ سیزنز کی مقبول سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی، تاکہ ہر عمر کے افراد کو تفریح، خریداری اور مختلف ثقافتوں سے روشناس ہونے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔







