متحدہ عرب امارات

سعودی عرب میں سکیورٹی الرٹ کے دوران بہن کو حوصلہ دینے والے کم عمر بچے کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا صارفین متاثر

خلیج اردو
سعودی عرب میں میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرے کے دوران سکیورٹی الرٹ بجنے پر اپنی چھوٹی بہن کو حوصلہ دینے والے کم عمر بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے صارفین نے سراہتے ہوئے بچے کے اعتماد اور ذمہ داری کے احساس کی تعریف کی ہے۔

سعودی عرب کو گزشتہ ہفتے ایران کی حمایت یافتہ حوثی تنظیم کے مسلسل حملوں کا سامنا رہا۔ ان حملوں میں 10 اکتوبر کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والا حملہ مہلک ترین قرار دیا گیا، جس میں 13 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔ 14 اکتوبر کی صبح سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ریاض کے علاقے میں ایک کروز میزائل اور ڈرون کو روکنے کا اعلان کیا۔

سعودی عرب میں میزائل یا ڈرون کے خطرے کی صورت میں متعلقہ علاقے کے رہائشیوں کو موبائل فون پر الرٹ موصول ہوتا ہے، جس میں پرسکون رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی جاتی ہے۔ وائرل ویڈیو میں ایک کم عمر بچہ کمرے میں لیٹا ہوا ہے کہ اسی دوران اس کی چھوٹی بہن الرٹ کی آواز سن کر گھبرا جاتی ہے۔

بہن کے الرٹ کہنے پر بچہ اسے تسلی دیتے ہوئے کہتا ہے کہ سب ٹھیک ہے، ڈرنے کی ضرورت نہیں، کچھ نہیں ہوگا، ہم سعودی عرب میں ہیں، خوفزدہ مت ہو۔ بچے کا اپنی بہن کو حوصلہ دینے کا انداز سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے بھی یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بچے کے عمل کو سراہا اور اسے شاباش دی۔ مقامی میڈیا سے گفتگو میں عبداللہ نامی بچے نے بتایا کہ الرٹ سنتے ہی سب سے پہلے اسے اپنی بہن امیرہ کا خیال آیا، تاہم وہ خود خوفزدہ نہیں ہوا۔

بچوں کے والد نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کو سعودی عرب کے مضبوط دفاعی نظام پر اعتماد کرنا سکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button