
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ابوظبی میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ میکرون خلیجی ممالک کے دورے کے سلسلے میں پیر کو متحدہ عرب امارات پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں نے معیشت، سرمایہ کاری، توانائی، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے اور مشترکہ منصوبوں پر پیشرفت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ توانائی، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو خصوصی اہمیت دی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تکنیکی شراکت داری مزید مستحکم بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
شیخ محمد بن زاید اور ایمانوئل میکرون نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بحری سلامتی اور عالمی توانائی کی فراہمی پر پڑنے والے اثرات سے نمٹنے کی کوششوں کا جائزہ لیا اور خطے میں سلامتی، استحکام اور امن کے فروغ کے لیے مسلسل رابطوں اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
دورے کے دوران اماراتی صدر نے فرانسیسی ہم منصب کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔ میکرون نے مہمانوں کی خصوصی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور فرانس کے تعلقات میں مسلسل پیشرفت پر خوشی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری میں مزید ترقی کی خواہش ظاہر کی۔
میکرون نے اپنے خلیجی دورے کا آغاز پیر کو کیا۔ اس سے قبل وہ کویت پہنچے تھے، جہاں امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران بحرین اور قطر جانے کا پروگرام بھی شامل ہے، جبکہ فرانسیسی صدر بدھ تک خطے کے مختلف ممالک کے دورے مکمل کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔
فرانسیسی صدر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے تناظر میں کشیدگی برقرار ہے۔ دوسری جانب فرانس میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے خلاف احتجاج اور مختلف سرگرمیوں میں خلل کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔







