متحدہ عرب امارات

دبئی میں ایپل کے ایک شوقین صارف نے نیا آئی فون ڈیوو لینے کے لیے ایپل اسٹور کا رخ کیا تو اپنے ساتھ 53 پرانے آئی فونز بھی لے آیا۔

خلیج اردو
دبئی میں ایپل کے ایک شوقین صارف نے نیا آئی فون ڈیوو لینے کے لیے ایپل اسٹور کا رخ کیا تو اپنے ساتھ 53 پرانے آئی فونز بھی لے آیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد شکا نے تقریباً دو دہائیوں پر محیط اپنے شوق کے تحت ایپل کے پہلے آئی فون سے لے کر آئی فون 18 پرو میکس تک مختلف ماڈلز جمع کر رکھے ہیں۔

محمد شکا کے مطابق ایپل اسٹور کے عملے نے ایک روز پہلے ان سے رابطہ کرکے اپنی کلیکشن ساتھ لانے کی درخواست کی تھی۔ وہ اسٹور سے دو نئے ایپل آئی فون ڈیوو وصول کرنے پہنچے تھے، جو ان کے مجموعے میں تازہ ترین اضافہ ہیں۔

محمد شکا کے لیے آئی فون جمع کرنا محض پرانے موبائل فون محفوظ کرنے کا شوق نہیں بلکہ ایک ذاتی چیلنج بھی ہے۔ وہ اپنے گھر میں تمام فونز سجا کر رکھتے ہیں اور بعض ماڈلز کے مختلف رنگوں والے ایک یا دو اضافی فون بھی ان کے پاس موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دیگر کمپنیوں کے چند فونز، جن میں موٹرولا اور سام سنگ کے موبائل بھی شامل ہیں، ان کے پاس موجود ہیں، لیکن ان کی اصل دلچسپی ہمیشہ ایپل میں رہی ہے۔ ان کے بقول ہر نئی نسل کے آئی فون میں کیمرے، ٹچ، بیٹری اور آپریٹنگ سسٹم سمیت کئی تبدیلیاں آتی ہیں، جن کا تجربہ کرنا انہیں پسند ہے۔

محمد شکا گزشتہ تین سال سے ایپل کے فولڈ ایبل فون سے متعلق خبروں اور افواہوں پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ ان کے مطابق آئی فون 18 سیریز کے اعلان کے وقت بھی ان کی دلچسپی اس بات میں زیادہ تھی کہ ایپل اگلا کون سا نیا فون متعارف کرائے گا۔ آئی فون ڈیوو کی بکنگ شروع ہوئی تو انہوں نے موقع سے فائدہ اٹھایا اور بالآخر اپنا انتظار ختم کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ مسلسل تین سال بڑی ایپل لانچ کے موقع پر سب سے پہلے پہنچنے والوں میں شامل رہنے کے بعد ان کی ذاتی ہیٹ ٹرک بھی مکمل ہوگئی ہے۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ دوسرے صارفین کو بھی نئے فون حاصل کرنے کا موقع ملے اور کوئی مایوس نہ ہو۔

محمد شکا کا اگلا ہدف اس سے بھی بڑا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ایپل انہیں کیلیفورنیا میں اپنی آئندہ لانچ تقریب میں مدعو کرے تاکہ وہ وہاں بھی سب سے پہلے پہنچ سکیں۔ ان کے مطابق وہ ایپل کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ان فونز سے ان کی وابستگی کس حد تک ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button