
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نومبر کے دوران شہریوں کو کئی اہم تبدیلیوں، تفریحی سرگرمیوں اور نئے منصوبوں کا سامنا ہوگا۔ دبئی میں پانچ سڑکوں پر رفتار کی حد میں تبدیلی، دبئی فٹنس چیلنج، اتحاد ریل کے دو نئے اسٹیشنز کا افتتاح اور ابوظبی میں موسمِ سرما کے تہوار سمیت متعدد سرگرمیاں نومبر کو مصروف بنائیں گی۔
یکم نومبر سے دبئی کی پانچ سڑکوں پر رفتار کی حد تبدیل ہو جائے گی۔ تین سڑکوں پر رفتار کی حد بڑھائی جائے گی، جبکہ دو سڑکوں پر کم کی جائے گی۔ الرباط اسٹریٹ پر مراکش اسٹریٹ سے شیخ محمد بن زاید روڈ کے درمیان رفتار کی حد 100 سے کم کرکے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کردی جائے گی۔ شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح اسٹریٹ پر سیکنڈ دسمبر اسٹریٹ سے خالد بن الولید اسٹریٹ کے درمیان حد 80 سے کم کرکے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔
العسیل اسٹریٹ پر عود میثا اسٹریٹ سے المیدان اسٹریٹ کے درمیان رفتار کی حد 60 سے بڑھا کر 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کردی جائے گی۔ المستقبل اسٹریٹ پر شیخ راشد اسٹریٹ سے المیدان اسٹریٹ کے درمیان حد 60 سے بڑھا کر 70 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی، جبکہ لطیفہ بنت حمدان اسٹریٹ پر شیخ زاید روڈ سے الخیل روڈ کے درمیان رفتار کی حد بھی 60 سے بڑھا کر 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کردی جائے گی۔ یہ تبدیلیاں دونوں سمتوں میں نافذ ہوں گی۔
دبئی فٹنس چیلنج 31 اکتوبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس بار اس سرگرمی کا دسواں ایڈیشن منعقد ہوگا، جس کا آغاز یکم نومبر کو دبئی رائیڈ سے ہوگا، جہاں سائیکل سوار شہر کی بڑی اجتماعی سائیکلنگ سرگرمی میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد 7 اور 8 نومبر کو حتا ڈیم پر دبئی اسٹینڈ اپ پیڈل ایونٹ ہوگا۔ دبئی رن 22 نومبر کو منعقد ہوگا، جبکہ 29 نومبر کو دبئی یوگا کے ساتھ ماہ بھر جاری رہنے والا فٹنس چیلنج اختتام پذیر ہوگا۔
نومبر میں اتحاد ریل کے دو نئے اسٹیشنز بھی مسافروں کے لیے کھول دیے جائیں گے۔ الظفرہ ریجن میں واقع زاید سٹی اور لیوا اسٹیشنز 30 نومبر سے کام شروع کریں گے۔ ان اسٹیشنز کا افتتاح ایک ماہ پہلے کرنے کا فیصلہ الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے شیخ حمدان بن زاید النہیان کی ہدایت پر کیا گیا، تاکہ ان کا آغاز الظفرہ فیسٹیول سیزن کے ساتھ ہو۔ الظفرہ کے دیگر اسٹیشنز 20 دسمبر سے کھولے جائیں گے۔
دبئی کے پام جمیرا میں واقع معروف سینٹ ریجس دبئی، دی پام ہوٹل بھی یکم نومبر کو دوبارہ کھل جائے گا۔ ہوٹل کو بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کے لیے 12 اپریل سے بند کیا گیا تھا، جس کے دوران مہمانوں کے کمرے، اسپاز اور دیگر اہم سہولیات بند رہیں۔ ہوٹل کے مطابق سینٹ ریجس بار کو نئے انداز میں تیار کیا گیا ہے، جو دوبارہ افتتاح کا اہم حصہ ہوگا۔
یکم نومبر سے جانوروں کے علاج میں سیپروفلوکساسین کے استعمال پر پابندی بھی نافذ ہوگی۔ اس فیصلے کا مقصد اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کا مقابلہ کرنا اور انسانی علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی افادیت برقرار رکھنا ہے۔ سیپروفلوکساسین فلوروکوئنولون گروپ کی اینٹی بائیوٹک ہے، جسے انسانی طب میں بعض بیکٹیریائی انفیکشنز کے علاج کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔ جانوروں میں اس کے نامناسب استعمال سے بیکٹیریا میں مزاحمت پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس سے علاج کی دستیاب ادویات کی افادیت کم ہوسکتی ہے۔ پابندی کا اطلاق سیپروفلوکساسین پر مشتمل ویٹرنری ادویات اور خام مال پر ہوگا۔ اس میں آٹھ درآمد شدہ اور ایک مقامی طور پر رجسٹرڈ پروڈکٹ سمیت نو مصنوعات شامل ہیں۔ پالتو جانوروں کے مالکان کو ادویات کے اجزا احتیاط سے چیک کرنے اور کسی بھی خدشے کی صورت میں ویٹرنری ڈاکٹر سے مشورہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دبئی کے الرویہہ میں بھی موسمِ سرما کی کیمپنگ کا نیا سیزن یکم نومبر سے شروع ہوگا، جو 30 اپریل 2027 تک جاری رہے گا۔ اس سیزن میں کیمپنگ کی گنجائش بڑھا کر 600 کیمپوں تک کردی گئی ہے، جو گزشتہ سیزنز کے مقابلے میں تقریباً 120 فیصد زیادہ ہے۔ پہلی بار کارواں کے لیے 50 مخصوص مقامات بھی مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 10 مکمل سہولیات سے آراستہ کیمپ روزانہ کرائے پر دستیاب ہوں گے۔ اس طرح شہری اپنے کیمپنگ کا سامان خود تیار کیے بغیر بھی صحرائی ماحول سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
ابوظبی کے یاس بے واٹر فرنٹ پر یکم نومبر سے بنجی جمپنگ کی سرگرمی بھی شروع ہوگی۔ اس میں شرکا کو پانی کے اوپر 50 میٹر بلندی سے چھلانگ لگانے کا موقع ملے گا۔ اس سرگرمی کے ٹکٹ 299 درہم سے شروع ہوں گے۔ یاس بے میں بنجی جمپنگ کا پہلا سیزن یکم نومبر سے 3 دسمبر تک جاری رہے گا، جبکہ دوسرا سیزن 10 جنوری سے 28 فروری 2027 تک منعقد ہوگا۔
ابوظبی کا معروف مدر آف دی نیشن فیسٹیول بھی 28 نومبر سے 3 جنوری 2027 تک جاری رہے گا۔ اس سال فیسٹیول اپنی دسویں سالگرہ منائے گا اور امارت کے تین علاقوں میں پانچ ہفتوں سے زائد عرصے تک خاندانوں کے لیے تفریحی سرگرمیاں پیش کرے گا۔ محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی کے زیر اہتمام اور براگ کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس ایڈیشن کا عنوان ’’ورلڈ آف ونڈر‘‘ رکھا گیا ہے۔ ابوظبی شہر میں تین نئے تھیم زونز کے ساتھ نئی رائیڈز، گیمنگ سرگرمیاں اور براہِ راست تفریحی پروگرام بھی شامل ہوں گے۔







