
خلیج اردو
شارجہ میں نشے کے عادی افراد کے کیسز کا جائزہ لینے اور ان کی معاونت کے لیے نئی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ شارجہ ایگزیکٹو کونسل نے منگل 27 اکتوبر کو کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔
شارجہ پولیس کے تحت کام کرنے والی اس کمیٹی کی سربراہی جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل سکیورٹی اینڈ پورٹس کے ڈائریکٹر جنرل کریں گے۔ کمیٹی کا نام ’’نشے کے کیسز کا جائزہ اور معاونت کمیٹی‘‘ رکھا گیا ہے۔
کمیٹی میں انسداد منشیات ڈیپارٹمنٹ، روک تھام و فالو اپ ڈیپارٹمنٹ، مضافاتی پولیس اسٹیشنز ڈیپارٹمنٹ، ادارہ جاتی سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ، کمیونٹی سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ اور قانونی امور کے ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرز شامل ہوں گے۔
شارجہ پولیس کے کمانڈر انچیف کے فیصلے کے تحت دیگر محکموں یا تنظیمی یونٹس کے نمائندوں کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جا سکے گا۔ کمیٹی نشے سے متعلق کیسز کا جائزہ لینے اور متاثرہ افراد کی معاونت کے لیے کام کرے گی۔







