متحدہ عرب امارات

دبئی میں کرایہ داری کے تنازعات سے متعلق مرکز نے نئے اصول واضح کردیے ہیں، جن کے تحت اگر کرایہ نامے میں دھوکا دہی ثابت ہوجائے تو معاہدے پر عمل درآمد شروع ہونے سے پہلے بھی اسے منسوخ کرایا جاسکتا ہے

خلیج اردو
دبئی میں کرایہ داری کے تنازعات سے متعلق مرکز نے نئے اصول واضح کردیے ہیں، جن کے تحت اگر کرایہ نامے میں دھوکا دہی ثابت ہوجائے تو معاہدے پر عمل درآمد شروع ہونے سے پہلے بھی اسے منسوخ کرایا جاسکتا ہے۔ اس اصول کا اطلاق متعلقہ قانونی تقاضے پورے ہونے کی صورت میں ہوگا اور اس کا مقصد مالک مکان اور کرایہ دار دونوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

دبئی کا رینٹل ڈسپیوٹس سینٹر مالک مکان اور کرایہ دار کے درمیان کرایے سے متعلق تنازعات نمٹانے کا سرکاری ادارہ ہے۔ مرکز کے مطابق یہ اصول سول ٹرانزیکشنز قانون کی متعلقہ دفعات پر مبنی ہے، جن کے تحت معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد بھی قانونی تحفظ حاصل کیا جاسکتا ہے، بشرطیکہ دھوکا دہی ثابت ہو اور قانونی شرائط پوری ہوں۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک مالک مکان نے ایک کمپنی کے ساتھ کرایہ نامے پر دستخط کیے، لیکن جائیداد حوالے کرنے سے پہلے اسے معلوم ہوا کہ کمپنی ماضی میں کرایے کی عدم ادائیگی سے متعلق متعدد مقدمات اور عدالتی فیصلوں کا سامنا کرچکی ہے۔ کمپنی نے یہ جائیداد آگے تیسرے فریق کو کرائے پر دینے کے لیے حاصل کی تھی۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ کمپنی کے منیجر کے خلاف کرایے کی ادائیگیوں، باؤنس ہونے والے چیکس اور تاخیر سے ادائیگیوں کے معاملات میں گرفتاری اور عدالت میں پیشی کے متعدد احکامات جاری ہوچکے تھے۔ مرکز نے کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا۔ ان معلومات کے سامنے آنے پر مالک مکان نے خدشہ ظاہر کیا کہ کمپنی معاہدے کی شرائط پوری نہیں کرے گی، جس کے باعث اس نے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہونے سے پہلے اسے منسوخ کرنے کی درخواست دائر کردی۔

ابتدائی سماعت میں مالک مکان کا دعویٰ مسترد ہوگیا، تاہم اپیل پر رینٹل ڈسپیوٹس سینٹر کی جنرل اتھارٹی نے معاملے کا دوبارہ جائزہ لیا۔ اتھارٹی نے حقائق اور ان کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ کیس میں سامنے آنے والے حالات سول ٹرانزیکشنز قانون کی دفعات 170، 171 اور 173 کے تحت دھوکا دہی کے زمرے میں آتے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ کرایہ نامہ منسوخ کیا جائے اور دونوں فریقوں کو اس پوزیشن پر واپس لایا جائے جس میں وہ معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے تھے۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ اگر دھوکا دہی ثابت ہو اور قانونی بنیادیں موجود ہوں تو معاہدے پر عمل درآمد شروع ہونے سے پہلے بھی اس کی منسوخی کی درخواست دی جاسکتی ہے۔

دبئی میں مالک مکان اور کرایہ دار اب ممکنہ معاہدہ کرنے سے پہلے دوسرے فریق کی کرایے سے متعلق عدالتی تاریخ اور مقدمات کی تفصیلات بھی جانچ سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے دبئی ریسٹ ایپ میں رینٹل گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ کی سہولت دستیاب ہے، جس کے ذریعے متعلقہ فریق کی سابقہ عدالتی کارروائیوں اور فیصلوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ یہ سروس مفت فراہم کی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق اس سہولت سے مالک مکان اور کرایہ دار معاہدے پر قانونی طور پر پابند ہونے سے پہلے دوسرے فریق کے سابقہ ریکارڈ کا جائزہ لے سکیں گے اور زیادہ باخبر فیصلہ کرسکیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button