
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں سڑک حادثے کے دوران ایشیائی فوڈ ڈیلیوری رائیڈر جاں بحق ہوگیا۔ حادثہ جمعے کی صبح فجیرہ خورفکان روڈ پر پیش آیا، جہاں ڈیلیوری کمپنی کی موٹر سائیکل ایک سڑک پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ یہ رواں سال فجیرہ میں ٹریفک حادثے کے باعث پانچویں ہلاکت ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ 30 اکتوبر کو صبح 8 بج کر 5 منٹ پر فوز کے علاقے کے قریب پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمبولینس عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ جاں بحق رائیڈر کی لاش شیخ خلیفہ اسپتال فجیرہ منتقل کردی گئی، جبکہ حکام نے حادثے کی وجوہات اور حالات کی تحقیقات شروع کر دیں۔
فجیرہ پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر صالح محمد عبداللہ الدھنحانی نے خبردار کیا ہے کہ سڑک پر کھڑے ٹرک اور دیگر بھاری گاڑیاں قریب آنے والے موٹر سائیکل سواروں اور ڈرائیوروں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں، خصوصاً ان سڑکوں پر جہاں تجارتی ٹریفک زیادہ ہو۔
انہوں نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی کہ سڑک کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں، کھڑی گاڑیوں کے قریب پہنچتے وقت رفتار کم کریں اور اچانک رکاوٹ سامنے آنے کی صورت میں محفوظ طریقے سے گاڑی روکنے کے لیے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ انہوں نے دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال اور اچانک لین تبدیل کرنے سے بھی گریز کرنے پر زور دیا۔
یہ حادثہ رواں ماہ فجیرہ میں پیش آنے والے ایک اور جان لیوا واقعے کے بعد ہوا ہے، جس میں 24 سالہ بھارتی شہری الیکٹرک اسکوٹر چلاتے ہوئے ایس یو وی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا تھا۔ پولیس تحقیقات کے مطابق اسکوٹر سوار نے غیر مقررہ مقام سے سڑک عبور کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد مقدمہ پبلک پراسیکیوشن کو بھیج دیا گیا۔
فجیرہ پولیس نے بلدیہ کے تعاون سے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے لیے آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے ہیں، جن میں ٹریفک قوانین، محفوظ ڈرائیونگ اور خلاف ورزیوں کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ ان پروگراموں میں تیز رفتاری، غیر محفوظ طریقے سے اوورٹیکنگ، اچانک موڑنے اور دورانِ ڈرائیونگ توجہ بٹنے جیسے معاملات پر توجہ دی گئی۔
پولیس نے موٹر سائیکل سواروں سمیت سڑک استعمال کرنے والے دیگر افراد کے تحفظ کے لیے ٹریفک آگاہی مہم بھی شروع کی ہے، جس میں حفاظتی ہیلمٹ پہننے، ٹریفک قوانین کی پابندی اور محتاط ڈرائیونگ کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ حکام کے مطابق غیر محفوظ موٹر سائیکل سواری کے خلاف نگرانی اور کارروائیاں بھی بڑھا دی گئی ہیں، جبکہ جمعے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔







