
خلیج اردو
سعودی عرب میں کسٹمز حکام نے گاڑی کی ڈگی میں چھپا کر 380 لیٹر آب زم زم ملک سے باہر لے جانے کی کوشش کرنے والے شخص کو 3 ہزار 800 سعودی ریال جرمانہ کردیا، جبکہ ضبط شدہ پانی بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ریاض کی دوسری ابتدائی کسٹمز کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ملزم کو مشرقی صوبے میں شاہ فہد کاز وے کے کسٹمز چیک پوائنٹ پر پکڑا گیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈگی میں چھپایا گیا آب زم زم برآمد ہوا، جسے حکام کے مطابق بیرون ملک لے جانے کے لیے ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔
کسٹمز کمیٹی نے قرار دیا کہ سعودی قوانین کے تحت آب زم زم ان اشیا میں شامل ہے جن کی برآمد پر پابندی عائد ہے۔ اسے کسٹمز حکام کے سامنے ظاہر کیے بغیر ملک سے باہر لے جانے کی کوشش کسٹمز اسمگلنگ کے زمرے میں آتی ہے۔
کمیٹی نے ملزم کو 3 ہزار 800 ریال جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا، جو ضبط کیے گئے پانی کی مالیت کے برابر ہے۔ اس کے علاوہ برآمد شدہ آب زم زم ضبط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
سرکاری استغاثہ نے ملزم کو جرمانے اور سامان کی ضبطی کے ساتھ قید کی سزا دینے کی درخواست بھی کی تھی، تاہم کمیٹی نے قید کی سزا کی درخواست مسترد کردی۔ فیصلے میں بتایا گیا کہ ملزم کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں اور عائد کردہ دیگر سزائیں کافی ہیں۔
یہ فیصلہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے متحدہ کسٹمز قانون کی دفعات 142، 144 اور 145 کے تحت جاری کیا گیا، جن میں کسٹمز اسمگلنگ کی تعریف اور اس سے متعلق جرائم کی سزاؤں کا تعین کیا گیا ہے۔







