متحدہ عرب امارات

شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر سے پہلے ایکسپو سینٹر جانے والی متعدد سڑکیں تیار

خلیج اردو
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے لیے ایکسپو سینٹر شارجہ جانے والی متعدد سڑکیں نمائش کے آغاز سے پہلے تیار کر لی گئی ہیں۔ حکام نے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ 4 نومبر سے شروع ہونے والے کتاب میلے میں آنے والے افراد کے لیے آمدورفت آسان بنانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انیشی ایٹوز امپلیمنٹیشن اتھارٹی اور شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نمائش کے مقام تک پہنچنے والی سڑکوں کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔ ان انتظامات کا مقصد ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور میلے میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو آسان راستے فراہم کرنا ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری نقشے میں الکرنیش روڈ اور الاتحاد روڈ کے اطراف سے نمائش گاہ تک پہنچنے کے راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ العرب مال اور انڈسٹریل ایریا 7 بھی ان راستوں کے قریب اہم مقامات میں شامل ہیں۔

شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کا 45 واں ایڈیشن 4 سے 15 نومبر تک ایکسپو سینٹر شارجہ میں منعقد ہوگا۔ اس سال میلے کا موضوع ’’میڈ آف اسٹوریز‘‘ رکھا گیا ہے جبکہ عمان کو مہمانِ اعزاز کا درجہ دیا گیا ہے۔

شارجہ بک اتھارٹی کے مطابق اس سال میلے میں 124 ممالک سے 2 ہزار 673 پبلشرز اور نمائش کنندگان شرکت کریں گے جبکہ 1500 ثقافتی اور فنونِ لطیفہ کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

میلے میں ادبی مباحثے، بچوں کے لیے ورکشاپس، تھیٹر پرفارمنسز اور براہ راست کھانا پکانے کے مظاہرے بھی پیش کیے جائیں گے۔ اس سال کی نئی سرگرمیوں میں پوئٹس کارنر شامل ہے، جہاں شرکا کی ذاتی کہانیوں کو عربی اور انگریزی زبان میں شاعری کی شکل دی جائے گی۔

اس کے علاوہ فیوچر ہینڈز ڈسٹرکٹ کے نام سے بچوں کے لیے ایک انٹرایکٹو جگہ بھی قائم کی جائے گی، جہاں انہیں مختلف پیشوں سے متعارف کرایا جائے گا۔ میلے کے پروگرام میں 25 ممالک سے تعلق رکھنے والے 106 مصنفین، فنکار اور دانشور بھی شریک ہوں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button