
خلیج اردو
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مفت بس سروس، کشتیوں کے ذریعے سفر اور اضافی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ شارجہ بک اتھارٹی کے مطابق یہ تمام ٹرانسپورٹ سہولیات نمائش کے دوران روزانہ دستیاب ہوں گی، جس سے شارجہ اور قریبی امارات کے رہائشیوں کو ایکسپو سینٹر شارجہ پہنچنے کے لیے مزید آسانیاں میسر آئیں گی۔
دبئی اور عجمان سے روزانہ بس سروس چلائی جائے گی۔ دبئی میں اتحاد میٹرو اسٹیشن اور عجمان سٹی سینٹر سے ہر روز تین بسیں روانہ ہوں گی۔ نمائش کے لیے روانگی کے اوقات صبح 9 بجے، دوپہر ایک بجے اور شام 5 بجے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ ایکسپو سینٹر شارجہ سے واپسی کے لیے بسیں دوپہر 12 بجے، شام 4 بجے اور رات 9 بجے روانہ ہوں گی۔
اس کے علاوہ شارجہ ایکویریم اسٹیشن اور القصبہ اسٹیشن سے روزانہ مفت کشتی سروس بھی فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے زائرین نمائش کے مقام تک پہنچ سکیں گے۔
پارکنگ کی سہولت میں اضافے کے لیے ایکسپو سینٹر شارجہ سے شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب جانے والی سڑک کے ساتھ اضافی مفت پارکنگ مختص کی گئی ہے۔ ان پارکنگ مقامات سے نمائش کے مقام تک شٹل بسیں بھی چلائی جائیں گی۔ زائرین ایکسپو سینٹر کی موجودہ پارکنگ اور کثیر المنزلہ پارکنگ کی سہولت بھی استعمال کر سکیں گے۔
شارجہ کے اندر سے آنے والے ڈرائیورز الطعاون اسٹریٹ یا کارنیش اسٹریٹ کے ذریعے ایکسپو سینٹر پہنچ سکتے ہیں۔ الاتحاد اسٹریٹ سے آنے والے افراد الطعاون ٹنل انٹرچینج استعمال کر سکتے ہیں، جبکہ دبئی سے آنے والے ڈرائیورز النہدہ انٹرچینج سے الطعاون اسٹریٹ اور پھر کارنیش اسٹریٹ کے راستے نمائش گاہ تک پہنچ سکیں گے۔







