متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں موسم کی تبدیلی، فجیرہ کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری اور موسلادھار بارش

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے مختلف علاقوں میں بدھ 4 نومبر کو موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، جبکہ ملک بھر میں موسم بتدریج سردیوں کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں فجیرہ کے علاقوں ددنا، شرم اور دبہ میں ژالہ باری دیکھی جاسکتی ہے، جبکہ شدید بارش کے دوران گاڑیاں سڑکوں سے گزرتی رہیں۔

فجیرہ میں رواں سیزن کے دوران بارش کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ تین روز قبل بھی فجیرہ کے مسافی اور دفتہ سمیت شارجہ میں بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ ماہ ہونے والی بارشوں کے دوران بھی ملک کے مختلف علاقوں میں خوشگوار مناظر دیکھنے میں آئے تھے، جہاں اونٹ بارش سے بھیگی سڑکوں پر چلتے دکھائی دیے جبکہ بچوں نے ژالہ باری کے دوران گرے ہوئے اولے جمع کیے تھے۔

متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات نے رواں ماہ ملک میں بادلوں کی تشکیل اور بارشوں میں اضافے کی پیش گوئی کی تھی۔ مرکز کے مطابق گہرے بادل بننے کے ساتھ بارش کی شدت بڑھ سکتی ہے، جبکہ تازہ سے تیز ہوائیں چلنے اور گردوغبار یا ریت اڑنے کا امکان بھی ہے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق بدھ کے روز اب تک بارش صرف شمالی امارت فجیرہ میں ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب ملک بھر میں درجہ حرارت میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ آج سب سے کم درجہ حرارت راس الخیمہ کے جبل جیس میں صبح 5 بج کر 15 منٹ پر 16.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button