
خلیج اردو
دبئی میں شہریوں اور سیاحوں کے لیے نول جےوان کارڈز کی نئی نسل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کے ذریعے ایک ہی کارڈ سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایے اور روزمرہ کی ڈیجیٹل ادائیگیاں ممکن ہوں گی۔ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ نئے کارڈز کا آزمائشی استعمال نومبر 2026 میں شروع ہوگا۔
اتھارٹی نے متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے ذیلی ادارے الاتحاد پیمنٹس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت نئے کارڈز مرحلہ وار متعارف کرائے جائیں گے۔ ان کارڈز میں دبئی کا موجودہ نول نظام اور متحدہ عرب امارات کا قومی کارڈ ادائیگی نظام جےوان یکجا ہوگا، جو روزمرہ خریداری، آن لائن لین دین اور دیگر ادائیگیوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں آزمائشی استعمال آر ٹی اے کی پبلک ٹرانسپورٹ سروسز، ٹیکسیوں اور عوامی پارکنگ میں شروع ہوگا۔ اس منصوبے کا مقصد سفری سہولیات اور روزمرہ مالیاتی لین دین کو ایک ہی ادائیگی نظام سے منسلک کرنا ہے۔
جےوان متحدہ عرب امارات کا قومی کارڈ ادائیگی نظام ہے، جسے شہریوں کو مقامی سطح پر چلنے والا ادائیگی کا متبادل فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت جولائی 2026 میں ملک بھر میں کارڈز کا اجرا شروع ہوا تھا، جبکہ بینکوں اور دیگر لائسنس یافتہ مالیاتی اداروں نے صارفین کو کارڈز فراہم کرنا شروع کیے۔
جےوان ڈیبٹ اور پری پیڈ کارڈز کی سہولت فراہم کرتا ہے، جن کے ذریعے صارفین مختلف دکانوں سے خریداری، آن لائن ادائیگی اور دیگر مالیاتی خدمات استعمال کرسکتے ہیں۔ اسے الاتحاد پیمنٹس اور بھارت کے نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا کے بین الاقوامی ادارے این پی سی آئی انٹرنیشنل پیمنٹس لمیٹڈ کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام میں بھارت کے روپے ادائیگی نظام کی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، تاہم جےوان متحدہ عرب امارات کا اپنا قومی ادائیگی نظام ہے۔
متحدہ عرب امارات میں جےوان کارڈ کی قبولیت میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ اتحاد ایئرویز نے اگست میں آن لائن فضائی ٹکٹوں کی بکنگ کے لیے جےوان ادائیگی قبول کرنا شروع کی، جبکہ امارات ایئرلائن نے ستمبر میں یہ سہولت متعارف کرائی تھی۔
نئے نول جےوان کارڈز کے ذریعے صارفین نول نظام کے تحت سفر کرسکیں گے اور جےوان کی ادائیگی کی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس اسمارٹ فونز کے ذریعے کارڈ کو ڈیجیٹل طور پر فعال اور استعمال کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ کارڈ متحدہ عرب امارات بھر میں سرکاری اور نجی ٹرانسپورٹ سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ کی آن لائن بکنگ کے لیے بھی استعمال ہوسکیں گے۔ کارڈ ہولڈرز کو 120 سے زائد خصوصی آفرز اور رعایتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے چیئرمین مطر الطایر کے مطابق نول جےوان کارڈز کی نئی نسل مالیاتی اور تکنیکی سہولیات کی ترقی میں اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شراکت داری سے ٹرانسپورٹ سروسز کو روزمرہ کی سہولیات سے منسلک کرنے، ادائیگی کے طریقوں میں اضافہ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔
متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے اسسٹنٹ گورنر برائے بینکنگ آپریشنز اینڈ سپورٹ سروسز اور الاتحاد پیمنٹس کے چیئرمین سیف حمید الظاہری نے کہا کہ جےوان کو نول کارڈز کے ساتھ منسلک کرنے سے ملک کے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو مربوط بنانے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایک محفوظ اور لچکدار مالیاتی ماحول قائم کرنا ہے، جو مختلف شعبوں کو جوڑتے ہوئے پائیدار ڈیجیٹل معیشت کی جانب پیش رفت تیز کرے گا۔
تاہم آر ٹی اے نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ نئے کارڈز تمام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوں گے، موجودہ نول کارڈز تبدیل کرنا ضروری ہوگا یا نہیں اور کن کاروباری اداروں میں ان کے ذریعے ادائیگی قبول کی جائے گی۔







