
خلیج اردو
دبئی آنے والے غیر ملکی سیاحوں کے لیے پانچ سالہ ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا اور خصوصی سہولیات پر مشتمل نیا پروگرام متعارف کرا دیا گیا ہے۔ دبئی ایکسس کلب کے نام سے شروع کیے گئے اس پروگرام کے تحت اہل اور بار بار دبئی آنے والے مسافروں کو ہوٹلوں میں کمرے اپ گریڈ کرنے، ایئرپورٹ لاؤنج تک رسائی، شاپنگ اور تفریحی سرگرمیوں میں خصوصی مراعات حاصل ہوں گی۔
دبئی کے محکمہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز اور محکمہ معیشت و سیاحت نے مشترکہ طور پر یہ پروگرام متعارف کرایا ہے۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اس پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس کے تحت اہل مسافروں کو پانچ سالہ رکنیت دی جائے گی، تاہم اس میں عام شہری براہ راست درخواست نہیں دے سکیں گے بلکہ منتخب شراکت دار ادارے اہل افراد کو نامزد کرکے دعوت نامے جاری کریں گے۔
پروگرام میں شامل ہونے والے افراد کو دبئی امیگریشن کی السعادہ ٹورسٹ کارڈ کے ذریعے شہر بھر میں مختلف مراعات اور رعایتیں ملیں گی۔ اس کے علاوہ مجید الفطیم کا گفٹ کارڈ بھی دیا جائے گا، جس کے ذریعے اس کے شاپنگ مالز اور ریٹیل اسٹورز سے خریداری کی جا سکے گی۔ ہوٹلوں میں کمرے اپ گریڈ کرنے، ایئرپورٹ لاؤنج استعمال کرنے اور مختلف تقریبات کے لیے پیشگی بکنگ کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
پروگرام میں ایمریٹس ایئرلائن، ایکور ہوٹلز اور ویزا سمیت متعدد عالمی ادارے شریک ہیں۔ اہل مسافروں کو ان اداروں کے لائلٹی پروگرامز اور کارپوریٹ نیٹ ورکس کے ذریعے دعوت نامے ملیں گے۔ ایمریٹس کے اسکائی وارڈز ممبرز، ایکور کے صارفین اور ویزا انفینٹ کارڈ ہولڈرز بھی اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔
حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد بار بار دبئی آنے والے سیاحوں اور کاروباری افراد کے سفری معاملات آسان بنانا اور انہیں زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ کثیرالقومی کمپنیوں کے ایسے ملازمین بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے جو کاروباری اجلاسوں، کانفرنسوں اور دیگر تقریبات میں شرکت کے لیے دبئی آتے رہتے ہیں۔
دبئی ایکسس کلب دبئی اکنامک ایجنڈا ڈی 33 کے تحت سیاحت کو فروغ دینے اور مستقل سیاحوں کے ساتھ تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سے قبل دبئی میں مقیم افراد کے لیے اے دبئی انوائٹ پروگرام بھی متعارف کرایا گیا تھا، جس کے تحت بیرون ملک مقیم اپنے اہلخانہ اور دوستوں کو دبئی بلانے والے رہائشیوں کو خصوصی مراعات دی جاتی ہیں۔







