
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں 11.11 شاپنگ سیل کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے تحت آن لائن ریٹیل کمپنیوں ایمیزون اور نون نے مختلف مصنوعات پر 90 فیصد تک رعایت اور خصوصی ڈیلز متعارف کرادی ہیں۔ دونوں کمپنیوں کی سیل 5 نومبر سے شروع ہوئی ہے، تاہم ایمیزون کی سیل 12 نومبر جبکہ نون کی سیل 13 نومبر تک جاری رہے گی۔
ایمیزون نے 30 سے زائد کیٹیگریز میں 70 فیصد تک رعایت کا اعلان کیا ہے، جبکہ الیکٹرانکس، اسمارٹ فونز، ٹیلی ویژن، لیپ ٹاپس اور گیمنگ کنسولز پر 60 فیصد تک ڈسکاؤنٹ دیا جارہا ہے۔ بیوٹی، فیشن، گھر اور کچن کی مصنوعات پر بھی 60 فیصد تک رعایت دستیاب ہے، جبکہ فٹنس مصنوعات پر 40 فیصد تک ڈسکاؤنٹ دیا جارہا ہے۔
ایمیزون کے مطابق تازہ پھلوں، سبزیوں، گوشت، ڈیری مصنوعات اور منجمد خوراک پر 50 فیصد تک رعایت دی جارہی ہے، جبکہ ایمیزون ناؤ کے ذریعے چند منٹوں میں ڈیلیوری کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ پرائم ممبرز کو 25 درہم سے زائد کے آرڈرز پر مفت ڈیلیوری اور 100 درہم سے زائد کی خریداری پر دو گھنٹے میں مفت ڈیلیوری فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب نون نے فیشن مصنوعات پر 50 سے 80 فیصد، موبائل فونز پر 50 فیصد، اسمارٹ واچز اور دیگر پہننے والی ٹیکنالوجی پر 60 فیصد جبکہ ہیڈفونز پر 70 فیصد تک رعایت کا اعلان کیا ہے۔ نون ون ممبرز کو موجودہ رعایت کے علاوہ 75 درہم تک 10 فیصد کیش بیک بھی ملے گا۔
نون کی روزانہ فلیش ڈیلز میں 11، 111 اور 1111 درہم کی مصنوعات شامل ہوں گی، جبکہ گھریلو فرنیچر کے خصوصی پیکجز پر 3 ہزار درہم تک بچت کی پیشکش کی گئی ہے۔ نون منٹس کے ذریعے 15 منٹ اور سپرمال کے ذریعے 90 منٹ میں ڈیلیوری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ گروسری کی ڈیلز ایک درہم جبکہ نون فوڈ کی ڈیلز 10 درہم سے شروع ہوں گی۔







