متحدہ عرب امارات

دبئی میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والی جدید ٹریفک لائٹس کے ذریعے ٹریفک جام میں کم از کم 10 فیصد کمی متوقع ہے

خلیج اردو
دبئی میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والی جدید ٹریفک لائٹس کے ذریعے ٹریفک جام میں کم از کم 10 فیصد کمی متوقع ہے۔ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے اعلیٰ عہدیدار احمد بہروزیاں نے دبئی ریڈیو کے پروگرام ڈائریکٹ لائن میں بتایا کہ شہر کے تمام ٹریفک سگنلز کو البرشا میں قائم ٹریفک مینجمنٹ سینٹر سے منسلک کرنے کا کام جاری ہے، جو آئندہ سال کے آغاز تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے کیمروں اور موجودہ نظاموں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے ٹریفک کے دباؤ اور ممکنہ رکاوٹوں کی پیش گوئی کی جائے گی۔ اس کے بعد ٹریفک کی صورتحال کے مطابق سگنلز کے اوقات خودکار طریقے سے تبدیل کیے جاسکیں گے، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔

احمد بہروزیاں کے مطابق آر ٹی اے اپنی خدمات میں بھی مصنوعی ذہانت متعارف کرا رہی ہے، جس کے ذریعے شہری گاڑیوں کے جرمانے ادا کرنے، رجسٹریشن اور ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید جیسے کام اے آئی اسسٹنٹ کے ذریعے انجام دے سکیں گے۔ آئندہ دو سال میں 50 فیصد سے زائد سروس آپریشنز کو اس نظام پر منتقل کرنے کا ہدف ہے، جبکہ اس حکمت عملی سے سالانہ 30 کروڑ درہم سے زیادہ اضافی مالی قدر پیدا ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آر ٹی اے کی نئی اے آئی حکمت عملی 41 شعبوں پر مشتمل ہے، جسے ڈھائی سال میں چھ مراحل کے تحت نافذ کیا جائے گا۔ اس میں بسوں، میٹرو، بحری ٹرانسپورٹ، مالیاتی امور اور دیگر شعبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

آر ٹی اے کے 150 ارب درہم سے زائد مالیت کے اثاثوں کی نگرانی اور دیکھ بھال میں بھی مصنوعی ذہانت استعمال ہوگی، جس سے نگرانی کی صلاحیت موجودہ سطح سے پانچ گنا تک بڑھائی جاسکے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button