
خلیج اردو
دبئی شاپنگ فیسٹیول کا 32 واں ایڈیشن 4 دسمبر 2026 سے شروع ہوگا، جو 45 روز تک جاری رہنے کے بعد 17 جنوری 2027 کو اختتام پذیر ہوگا۔ فیسٹیول کے دوران شہر بھر میں کنسرٹس، روزانہ ڈرون شوز، لائٹ ڈسپلے، شاپنگ ڈسکاؤنٹس اور فیملی تفریح کی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
فیسٹیول کے افتتاحی ویک اینڈ پر 4 دسمبر کو کوکا کولا ایرینا میں معروف عرب گلوکار راشد الماجد پرفارم کریں گے، جبکہ 5 دسمبر کو عالمی شہرت یافتہ ڈی جے اسٹیو آوکی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
5 دسمبر سے جے بی آر کے دی بیچ اور بلو واٹرز آئی لینڈ کے درمیان ساحلی علاقے میں ہر رات ملٹی میڈیا لائٹ شوز منعقد ہوں گے۔ یہ شوز شام ساڑھے سات بجے سے رات ساڑھے دس بجے تک جاری رہیں گے، جن میں موسیقی کے ساتھ دو ڈرون شوز، لیزر لائٹس اور بلند عمارتوں پر خصوصی روشنیوں کے مظاہرے شامل ہوں گے۔
فیسٹیول سے قبل 2 دسمبر کو عید الاتحاد کی مناسبت سے ہتہ وادی حب میں خلیجی موسیقی پر مشتمل مفت کنسرٹ بھی ہوگا۔
دبئی فیسٹیولز اینڈ ریٹیل اسٹیبلشمنٹ کے مطابق شریک شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز میں خصوصی رعایتیں اور انعامات جیتنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔







