
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاستوں شارجہ اور فجیرہ کے مختلف علاقوں میں بدھ 11 نومبر کو موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد محکمہ موسمیات نے متعدد علاقوں کے لیے اورنج اور ییلو الرٹس جاری کردیے۔ امارات میں 19 نومبر تک موسم غیر مستحکم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس دوران دبئی، ابوظبی اور شمالی امارات کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی نمی سے بھرپور ہوائیں اور کم دباؤ کا ایک نظام ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک والے بادلوں کی تشکیل اور موسلادھار بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔ موسمی حالات کے باعث درجہ حرارت میں بتدریج کمی بھی متوقع ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے ماہر موسمیات ڈاکٹر احمد حبیب نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ بدھ کی سہ پہر کم دباؤ کا نظام مزید گہرا ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں بارش والے بادل بنیں گے۔
شارجہ کے علاقوں ملیحہ، المدَم، البدیئر اور شوکہ میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں شیخ خلیفہ اسٹریٹ پر موسلادھار بارش دیکھی جاسکتی ہے، یہ سڑک فجیرہ کی جانب جاتی ہے۔ ایک اور ویڈیو میں تین اونٹوں کو بارش کے موسم سے لطف اندوز ہوتے دیکھا گیا۔ فجیرہ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی، جبکہ بارش سے متاثرہ سڑکوں پر گاڑیاں آہستہ چلتی دکھائی دیں۔
نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے بدھ کی رات 11 بجے تک گرج چمک والے بادلوں کی تشکیل کے حوالے سے اورنج اور ییلو الرٹس جاری کیے۔ حکام نے شہریوں کو ممکنہ موسمی خطرات سے خبردار کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت داخلہ نے بھی ملک بھر میں غیر مستحکم موسمی حالات سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔ حکام کے مطابق مختلف شدت کی بارش اور تیز ہواؤں کے علاوہ بعض علاقوں میں گرج چمک، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ حدِ نگاہ بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ شہریوں کو گاڑیوں کی رفتار کم رکھنے، احتیاط سے سفر کرنے، وادیوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہنے اور سمندر میں جانے یا ساحلوں کا رخ کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔







