متحدہ عرب امارات

شارجہ میں الدھید شہر کے داخلی راستے پر 320 میٹر طویل نئے پل کا افتتاح کردیا گیا، جس کے ساتھ الدھید جھیل اور پل منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے

خلیج اردو
شارجہ میں الدھید شہر کے داخلی راستے پر 320 میٹر طویل نئے پل کا افتتاح کردیا گیا، جس کے ساتھ الدھید جھیل اور پل منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ منصوبے کا مقصد شہر میں آمدورفت کو بہتر بنانے، سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے اور عوامی سہولیات میں اضافہ کرنا ہے۔

مباردہ اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر انجینئر صلاح بن بتی المہیری کے مطابق پل کے نیچے الدھید جھیل کی تعمیر کا کام جاری ہے، جسے 2027 کی تیسری سہ ماہی میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جھیل تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہوگی جبکہ اس میں تقریباً 40 کروڑ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ جھیل کی تکمیل کے بعد یہ منصوبہ علاقے میں پانی ذخیرہ کرنے کی ایک بڑی سہولت فراہم کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نئے پل کی چوڑائی 50 میٹر ہے جبکہ اس تک پہنچنے والی سڑک تقریباً 2 ہزار 300 میٹر طویل ہے۔ اس رابطہ سڑک سے منصوبے تک رسائی آسان ہوگی اور اسے اردگرد کے سڑکوں کے نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔ پل کو مباردہ اتھارٹی اور شارجہ روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مشترکہ طور پر تعمیر کیا ہے، جس پر فی گھنٹہ 6 ہزار گاڑیوں کی آمدورفت کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

منصوبے میں بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ٹرکوں کے لیے 280 میٹر طویل ایک علیحدہ راستہ بنایا گیا ہے، جو ٹریفک ٹول گیٹ کی جانب جاتا ہے، جبکہ شارجہ شہر کی طرف جانے والے ٹرکوں کے لیے 160 میٹر طویل الگ راستہ تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مجموعی طور پر 108 میٹر طویل انڈر پاسز بھی منصوبے کا حصہ ہیں، جن کے ذریعے جبل عمر، الطیبہ اور تل الزعفرانہ سمیت قریبی علاقوں کے درمیان آمدورفت آسان بنائی جائے گی۔

ڈاکٹر صلاح بن بتی المہیری کے مطابق الدھید شہر میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی ترقی کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی بہتر بنائی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں الدھید کے اتحاد ریل اسٹیشن کو مختلف بس اسٹیشنوں سے ملانے کے لیے تین بس روٹس چلائے جا رہے ہیں۔ روٹ ای آر ون کے ذریعے اتحاد ریل اسٹیشن کو المدینہ بس اسٹیشن، ای آر ٹو کے ذریعے السجا بس اسٹیشن جبکہ ای آر تھری کے ذریعے شارجہ کے الجبیل بس اسٹیشن سے منسلک کیا گیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں اور مسافروں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ تک رسائی بہتر بنانا اور شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button