متحدہ عرب امارات

مشرق وسطیٰ میں امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی پہنچ گیا، جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے دو روزہ منصوبے پر علاقائی ممالک کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے

خلیج اردو
مشرق وسطیٰ میں امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی پہنچ گیا، جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے دو روزہ منصوبے پر علاقائی ممالک کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پیر کو کہا کہ 10 ممالک پر مشتمل علاقائی گروپ نے ایران کی جانب سے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے، جس کا مقصد امریکا کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے اور خطے میں جنگ بندی کی راہ ہموار کرنا ہے۔

عباس عراقچی کے مطابق ایران نے امریکا کو پیشکش کی ہے کہ اگر واشنگٹن ایرانی شرائط تسلیم کرلے تو تہران دو روز کے اندر آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے تیار ہے۔ ایران اس سے قبل آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایک ہفتے کی مدت کی تجویز دے چکا تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں شریک ممالک نے ایران کے دو روزہ منصوبے کا مثبت جواب دیا اور امید ظاہر کی کہ اس کے نتیجے میں مستقل اور جامع جنگ بندی ممکن ہوسکے گی۔

عباس عراقچی اتوار کی رات اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے تھے۔ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان، قازقستان، ایران، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ یہ تنظیم جنوبی اور وسطی ایشیا سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک پر مشتمل علاقائی فورم ہے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی مشرق وسطیٰ پہنچ گیا ہے، تاہم اس کے نام، مقام اور تعیناتی سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button