متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں سیٹلائٹ کے ذریعے کال اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے جدید اسمارٹ فون کی تیاری شروع کردی گئی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں سیٹلائٹ کے ذریعے کال اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے جدید اسمارٹ فون کی تیاری شروع کردی گئی، ابوظبی کی کمپنی اسپیس 42 نے جنوبی کوریا کی کمپنی ایشیا پیسیفک سیٹلائٹ انکارپوریشن کے اشتراک سے تھورایا ٹو کی پیداوار کا آغاز کردیا ہے۔ اسمارٹ فون کے کمرشل اور حکومتی ورژن 2027 کی چوتھی سہ ماہی میں متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں متعارف کرائے جائیں گے۔

تھورایا ٹو اسپیس 42 کے جیو اسٹیشنری سیٹلائٹ نیٹ ورک سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے صارفین کو 120 کے بی پی ایس تک ڈیٹا اسپیڈ دستیاب ہوگی۔ یہ فون زمینی موبائل نیٹ ورک کی فور جی اور فائیو جی سروسز بھی استعمال کرسکے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا ہدف جیو اسٹیشنری سیٹلائٹ ہینڈ سیٹس کی کیٹیگری میں تیز ترین ڈیٹا اسپیڈ فراہم کرنا ہے۔

یہ اسمارٹ فون خاص طور پر ان افراد اور اداروں کے لیے تیار کیا گیا ہے جہاں روایتی موبائل نیٹ ورک کی سہولت قابل اعتماد نہیں۔ صارفین سیٹلائٹ کنکشن کے ذریعے ڈیٹا سروسز اور اسمارٹ فون ایپلی کیشنز کے ذریعے وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول یعنی وی او آئی پی کالز کرسکیں گے۔ یہ سہولت تھورایا فور سیٹلائٹ نیٹ ورک کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ کمپنی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہری فون کی فروخت شروع ہونے کے بعد اسے خرید سکیں گے اور مقامی طور پر منظور شدہ ایپلی کیشنز کے ذریعے انٹرنیٹ کالنگ کرسکیں گے۔

اسمارٹ فون کے دو ورژن متعارف ہوں گے

تھورایا ٹو کا کمرشل ورژن کاروباری اداروں، فیلڈ ٹیموں اور دور دراز علاقوں میں کام کرنے والے انفرادی صارفین کے لیے تیار کیا گیا ہے، جنہیں سیٹلائٹ کے ذریعے ملٹی میڈیا رابطوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس میں ڈوئل سم کی سہولت ہوگی، جس کے ذریعے صارفین ایک ہی ڈیوائس پر سیٹلائٹ اور عام موبائل نیٹ ورک کے درمیان سوئچ کرسکیں گے۔

اس کا حکومتی ورژن حساس معلومات سے متعلق کام کرنے والے اداروں اور مشکل حالات میں خدمات انجام دینے والی ٹیموں کے لیے ہوگا۔ اس میں ایسے حفاظتی فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو فون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا پتا لگانے، اسٹارٹ اپ کے وقت ڈیوائس کی سالمیت کی تصدیق کرنے اور ایپلی کیشنز و ڈیٹا کو غیر مجاز رسائی سے محفوظ رکھنے میں مدد دیں گے۔

اسپیس 42 کے اسپیس سروسز کے چیف ایگزیکٹو علی الہاشمی کے مطابق تھورایا ٹو کے ذریعے سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی کو روزمرہ مواصلاتی نظام کا حصہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک ہی ڈیوائس میں سیٹلائٹ ڈیٹا کے ساتھ فور جی اور فائیو جی سروسز کی فراہمی سے افراد اور اداروں کو رابطے برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

ایشیا پیسیفک سیٹلائٹ انکارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سنگھی لی کے مطابق کمرشل اور حکومتی سطح کے دونوں ورژنز کے ذریعے عالمی سطح پر اہم اور حساس مواصلاتی شعبے میں کمپنی کی موجودگی کو وسعت دی جائے گی، جہاں قابل اعتماد رابطے اور مضبوط سکیورٹی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ تھورایا ون، جو اس وقت دستیاب ماڈل ہے، متحدہ عرب امارات میں فروخت کے لیے موجود ہے اور اسے سروس پارٹنرز کے ذریعے خریدا جاسکتا ہے۔ یہ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون زمینی براڈ بینڈ نیٹ ورک کے علاوہ سیٹلائٹ کے ذریعے روایتی وائس کالز اور ایس ایم ایس کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button