
خلیج اردو
ابوظبی میں شہری سہولیات اور سرسبز مقامات کے فروغ کے لیے 150 ملین درہم سے زائد کی سرمایہ کاری سے 12 نئے پارکس کھول دیے گئے۔ محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کے مطابق 2026 کے دوران الریاض سٹی اور شخبوط سٹی میں قائم کیے گئے ان پارکس کا مجموعی رقبہ ایک لاکھ 35 ہزار مربع میٹر سے زیادہ ہے، جو فیفا کے معیار کے 19 فٹبال گراؤنڈز کے برابر ہے۔
الریاض سٹی میں سات پارکس ایک لاکھ مربع میٹر جبکہ شخبوط سٹی میں پانچ پارکس 37 ہزار مربع میٹر رقبے پر قائم کیے گئے ہیں۔ ان مقامات پر شجرکاری کے منصوبے کے تحت 3 ہزار 129 سے زائد مقامی درخت لگائے گئے، جبکہ 87 ہزار 200 مربع میٹر رقبے کو سرسبز کھلی جگہوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔
نئے پارکس میں پیڈل اور ملٹی پرپز کھیلوں کے میدان، والی بال اور بیڈمنٹن کی سہولیات، سائیکلنگ ٹریک، ورزش کے لیے آلات، بچوں کے کھیلنے کے مقامات، پکنک ٹیبلز اور پینے کے پانی کی سہولت شامل ہے۔ ان مقامات پر توانائی کی بچت کرنے والی لائٹس اور ماحول دوست آبپاشی کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے۔
محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیکٹر کے ڈائریکٹر جنرل عیسیٰ مبارک المزروعی کے مطابق پارکس کو محفوظ، جامع اور پائیدار عوامی مقامات کے طور پر منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کیا گیا ہے، تاکہ توانائی اور پانی کے تحفظ کے ساتھ ابوظبی کو عالمی سطح پر رہائش کے لیے ایک پسندیدہ شہر بنانے میں مدد مل سکے۔
ابوظبی سٹی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد فاضل المہیربی نے کہا کہ سالِ خاندان کے دوران ان پارکس کا افتتاح خاندانوں کی فلاح اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اظہار ہے۔ ان کے مطابق پارکس کی طویل مدتی پائیداری یقینی بنانے کے لیے بلدیہ اور شہریوں کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔
محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں ابوظبی میں 66 نئے پارکس کھولے گئے، جس کے بعد 2024 سے اب تک افتتاح کیے جانے والے پارکس کی تعداد 279 ہوگئی ہے۔ رواں سال کے آغاز میں خالدیہ پارک کو 62 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ کھولا گیا تھا۔ 2025 میں الشامخہ میں 16 اور محمد بن زاید سٹی میں 33 پارکس قائم کیے گئے تھے۔
پارکس کی توسیع ابوظبی کی لائیو ایبلٹی اسٹریٹجی کا حصہ ہے، جس کے تحت ابوظبی ایگزیکٹو کونسل نے امارت بھر میں انفراسٹرکچر اور کمیونٹی منصوبوں کے لیے 42 ارب درہم مختص کیے ہیں۔ محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کے مطابق اس حکمت عملی کے آغاز سے پہلے 2023 میں شہری علاقوں کی تکمیل کا تناسب 67 فیصد تھا، جو 2025 میں بڑھ کر 81 فیصد ہوگیا۔
اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے 2026 کے عالمی قابلِ رہائش شہروں کے انڈیکس میں ابوظبی کو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا سب سے زیادہ قابلِ رہائش شہر قرار دیا گیا ہے۔







