متحدہ عرب امارات

ابوظبی ہوٹل جھگڑا کیس، 8 ملزمان کو بڑی عدالتی رعایت مل گئی، جرمانے نصف کردیے گئے

خلیج اردو
ابوظبی میں ہوٹل کے اندر ہونے والے اجتماعی جھگڑے کے مقدمے میں سزا یافتہ 8 ملزمان کی اپیل منظور کرتے ہوئے عدالت نے سزاؤں میں کمی کردی، ہر ملزم پر عائد جرمانہ 3 لاکھ درہم سے کم کرکے ڈیڑھ لاکھ درہم کردیا گیا۔

ابوظبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق فریقین کے درمیان صلح، ایک دوسرے کے خلاف دعوے واپس لینے اور متاثرہ شخص کی جانب سے ملزمان کی رہائی کے لیے ابوظبی حکومت سے اپیل کو فیصلے میں مدنظر رکھا گیا۔

13 نومبر بروز جمعہ ابوظبی کی فوجداری عدالت نے ہوٹل میں اجتماعی جھگڑے کے مقدمے میں 10 ملزمان کو سزا سنائی تھی۔ ان میں سے 6 ملزمان کو امن عامہ میں خلل ڈالنے، خوف و ہراس پھیلانے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات پر 6 ماہ قید، فی کس 3 لاکھ درہم جرمانے اور سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدری کا حکم دیا گیا تھا۔

مزید 2 ملزمان کو جھگڑے کی ویڈیو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ریکارڈ کرکے شائع کرنے اور دوسروں کی نجی زندگی میں مداخلت کے جرم میں 6 ماہ قید، فی کس 3 لاکھ درہم جرمانے اور ملک بدری کی سزا سنائی گئی تھی۔

ملزمان کی گرفتاریاں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عمل میں آئی تھیں، جس میں یو ایف سی فائٹر مریاب دوالیشویلی اور عثمان نورماگومیدوف کو جھگڑتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ تاہم ابوظبی حکام نے ہوٹل میں پیش آنے والے واقعے کو ان دونوں فائٹرز سے براہ راست منسلک نہیں کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button